حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایامِ فاطمیہ کے موقع پر انجمنِ جعفریہ اور دارالزہراء ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام علی پور کرناٹک میں چار روزہ الزہراء یوتھ کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں نوجوان طلبہ و طالبات کی دینی، فکری اور اخلاقی تربیت کے لیے مختلف علمی و تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔

یہ کیمپ ایامِ فاطمیہ کے دوران روزانہ صبح 7 بجے سے 8:30 بجے تک جاری رہا، جس میں نوجوان طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
پروگرام کی سرپرستی حجت الاسلام علامہ سید محمد زکی الباقری اور مسجدِ جعفریہ علی پور کے امامِ جمعہ حجت الاسلام مولانا محمد یوشع سمیت دیگر علمائے کرام نے کی۔
کیمپ کے منتظم ادارہ پروانہ علی اکبر تھے، جبکہ پروگرام کی نگرانی اور انتظامی ذمہ داریاں حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید مدبر حسین نے انجام دیں۔
اس چار روزہ علمی و تربیتی کیمپ میں علمائے کرام، خطباء اور مختلف ممالک سے تشریف لانے والے مہمان علماء نے اپنے علمی و فکری خطابات اور دروس کے ذریعے نوجوانوں کی رہنمائی کی۔ ان میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا آغا عباس عابدی (برطانیہ)، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید عدیل رضا (تنزانیہ)، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید سمیر عباس (امریکہ)، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد عباس باقری اور حجۃ الاسلام مولانا سید نظر عباس، نمائندہ شوریٰ منطقہ جنوب ہند (ایران) شامل تھے۔

کیمپ کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 48 علمی کلاسز منعقد ہوئیں، جن میں 36 کلاسز طالبات اور 12 کلاسز طلبہ کے لیے مخصوص تھیں۔
ان نشستوں میں 30 سے زائد اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی، جن کا محور حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت، شخصیت اور انفرادی و اجتماعی زندگی کے مختلف پہلو تھے۔
ان موضوعات میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا اور نبوت، حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا اور ولایت، تربیتِ اولاد میں سیرتِ زہراءؑ کا کردار، ازدواجی زندگی اور سیرتِ زوجیت، حیاتِ طیبہ، خطبۂ فدکیہ، والدین کے ساتھ حسنِ سلوک سمیت مختلف دینی، اخلاقی، تربیتی اور معاشرتی موضوعات شامل تھے۔
علمائے کرام اور خطباء کے علاوہ قم اور مشہد مقدس سے تعلیم حاصل کرکے فارغ التحصیل ہونے والی معلمات نے بھی اس علمی سلسلے میں اپنی خدمات پیش کیں۔

اس موقع پر سیدہ وافیہ زہراء عابدی (مدرسہ بنت الہدیٰ، قم، ایران) سمیت معلمات نے طالبات کے لیے خصوصی کلاسز منعقد کیں، جن میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت و تعلیمات کے ساتھ حجاب، عفت اور اخلاقی اقدار پر روشنی ڈالی گئی اور طالبات کو سیرتِ فاطمیؑ کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی ترغیب دی گئی۔
کیمپ کے ابتدائی تین روز علمی و تربیتی کلاسز کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ چوتھے اور آخری روز ایک سیمینار اور علمی مقابلۂ کوئز منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے اپنی علمی صلاحیتوں اور حاصل کردہ معلومات کا مظاہرہ کیا۔
پروگرام کے اختتام پر کیمپ میں شریک 880 سے زائد طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں قیمتی انعامات سے نوازا گیا۔

یہ چار روزہ کیمپ نوجوان نسل، بالخصوص طالبات میں دینی شعور، فکری بیداری اور اخلاقی تربیت کے فروغ کے ساتھ انہیں سیرتِ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا اور تعلیماتِ اہل بیت علیہم السلام سے قریب کرنے کی ایک اہم کاوش ثابت ہوا۔
پروگرام کے منتظمین نے اس علمی و تربیتی سرگرمی میں تعاون کرنے والے علمائے کرام، معلمات، معاونین اور تمام شرکاء کی خدمات کو سراہتے ہوئے بالخصوص سرپرستی کرنے والے علمائے کرام، آرگنائزر ادارہ پروانہ علی اکبر اور نگرانِ کیمپ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید مدبر حسین کی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔










آپ کا تبصرہ