پیر 2 نومبر 2026 - 22:56
عوام کی بے لوث خدمت راہِ شہداء کا حقیقی تسلسل ہے

حوزہ/ حجت الاسلام رضا مصباح نے کہا: عوام کی مخلصانہ اور بے لوث خدمت شہداء کے راستے کو جاری رکھنے کی حقیقی صورت ہے۔ حکام اور ذمہ داران کو جذبۂ جہاد، اخلاص اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے قدم اٹھانا چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر بہار کے امام جمعہ حجت الاسلام رضا مصباح نے شہر فامنین کی مسجد حاج احمد میں شہید حاج علی حجتی کے ایصالِ ثواب کے لیے منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کے دوران شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: شہداء نے اسلام، انقلاب اور اعلیٰ انسانی اقدار کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ہمیں بصیرت، استقامت اور مزاحمت کا عظیم درس دیا۔

انہوں نے شہید حجتی اور انقلاب اسلامی کے دیگر شہداء کے بلند مقام کا ذکر کرتے ہوئے کہا: آج ملک کو حاصل امن، اقتدار اور ترقی ان شہداء کی قربانیوں اور جانفشانیوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے پختہ ایمان اور اعتقاد کے ساتھ اسلامی اصولوں اور اقدار کا دفاع کیا۔ معاشرے میں ان کے نام اور یاد کو ہمیشہ زندہ رکھنا چاہیے۔

امام جمعہ شہر بہار نے کہا: شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا دشمنوں کی سازشوں اور منصوبوں کو ناکام بناتا ہے۔ نظام اسلامی کے دشمن ہمیشہ سافٹ وار، شکوک و شبہات پھیلانے اور ثقافتی یلغار کے ذریعہ معاشرے میں ایثار اور شہادت کی ثقافت کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم شہداء کی یاد میں منعقد ہونے والی مجالس و تقریبات ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہیں۔

حجت الاسلام مصباح نے مزید کہا: آج کی نوجوان نسل کو پہلے سے کہیں زیادہ شہداء کی سیرت، افکار، جذبۂ مجاہدت اور طرزِ زندگی سے آگاہی حاصل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ شہداء نے اپنے کردار اور طرزِ عمل سے ایمان، اخلاص، احساسِ ذمہ داری اور حق کے دفاع کا ایک لازوال نمونہ پیش کیا ہے۔

انہوں نے شہداء کے راستے کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: دشمنوں کی ناجائز خواہشات کے مقابلے میں مزاحمت اور اسلامی انقلاب کے اصولوں اور اقدار پر ثابت قدم رہنا آج معاشرے کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ شہداء کے اہداف اور آرمانوں کو وقت گزرنے کے ساتھ فراموش نہیں ہونے دینا چاہیے۔

امام جمعہ بہار نے عوام کی مخلصانہ اور بے لوث خدمت کو شہداء کے راستے پر چلنے کی اہم ترین مثالوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ حکام اور ذمہ داران جذبۂ جہاد، اخلاص اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں اور عوام کی خدمت کو ایک بنیادی اور قابلِ قدر فریضہ سمجھیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha