حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے دارالحکومت صنعاء کے مشرق میں واقع ضلع بنی حشیش کے گاؤں “الشریہ” میں جائے وقوعہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے گزشتہ ہفتے کے روز دوپہر کے وقت شہریوں کے رہائشی مکانات کو براہِ راست اور منظم انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجہ میں 44 افراد شہید اور 40 زخمی ہوئے۔ اس جنگی کارروائی کے بعد امدادی ٹیموں پر دوبارہ حملے بھی کیے گئے جو ایک ناقابلِ معافی جنگی جرم ہے۔
یمن کے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے دارالحکومت صنعاء کے مشرق میں واقع ضلع بنی حشیش کے گاؤں “الشریہ” میں سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کی جانب سے کیے گئے حملے کی ہولناک تفصیلات جاری کی ہیں۔
کمیشن کے مطابق، گزشتہ ہفتے ہفتے کے روز دوپہر کے وقت شہریوں کے رہائشی مکانات کو براہِ راست اور دانستہ بمباری کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق 44 افراد شہید اور 40 زخمی ہوئے۔

کمیشن نے جائے وقوعہ پر منعقدہ پریس کانفرنس میں وضاحت کی کہ اس جارحیت کے نتیجے میں چھ رہائشی مکانات اپنے مکینوں سمیت مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جس کے باعث درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ یہ کارروائی شہریوں اور ان کے رہائشی مکانات کو براہِ راست نشانہ بنانے کی واضح مثال ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے ابتدائی حملے کے بعد تین مرتبہ دوبارہ اسی مقام کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایمبولینس کا عملہ اور امدادی کارکن بھی حملوں کی زد میں آگئے۔
امدادی ٹیموں پر یہ حملے انسانی المیے کی شدت میں اضافے کا سبب بنے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو بچانے کی انسانی کوششوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
یمن کے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے “الشریہ” گاؤں میں ہونے والے قتلِ عام اور یمنی عوام کے خلاف دیگر جرائم کا مکمل فوجداری اور بین الاقوامی ذمہ دار سعودی حکومت کو قرار دیا۔
کمیشن نے زور دیا کہ ان جرائم سے متعلق تمام مقدمات، شواہد، دستاویزی ثبوت اور ملوث افراد کے نام مکمل طور پر مرتب کیے جا چکے ہیں۔ کمیشن نے مطالبہ کیا کہ اس قتلِ عام کی حقیقت جاننے اور تحقیقات کے لیے ایک آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے، جو گاؤں “الشریہ” اور سعودی جارحیت سے متاثرہ دیگر علاقوں میں جائے وقوعہ کا براہِ راست معائنہ کرے اور شہریوں کے خلاف ہونے والی خلاف ورزیوں اور جرائم کی مکمل تفصیلات اور شواہد جمع کرکے انہیں دستاویزی شکل دے۔











آپ کا تبصرہ