حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے معروف خطیب حجۃ الاسلام و المسلمین حسین انصاریان نے تہران کے علاقے خانیآباد نو میں مسجد حضرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ایام فاطمیہ کی آٹھویں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ائمہ اطہار علیہم السلام کی اطاعت دنیا و آخرت کی سعادت کا ذریعہ ہے۔ جنت اور اس کی ہمیشہ رہنے والی نعمتیں بھی اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت سے حاصل ہوتی ہیں۔
انہوں نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جنت کی نعمتوں کے لیے ’’خالدین فیہا ابداً‘‘ کی تعبیر استعمال کی ہے، جو ان نعمتوں کے ہمیشہ باقی رہنے کی نشاندہی کرتی ہے۔ حقیقی اطاعت کے لیے ضروری ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کی معرفت حاصل کرے، کیونکہ جتنی معرفت زیادہ ہوگی، اتنی ہی بندگی اور اطاعت کا جذبہ مضبوط ہوگا۔
استاد انصاریان نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپؐ کی شخصیت کو سمجھنے کے لیے قرآن کریم، اہل بیت علیہم السلام کی روایات اور دعاؤں سے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے سورۂ احزاب کی آیت 56 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے ہمیشہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود بھیجتے ہیں اور مؤمنوں کو بھی آپؐ پر درود بھیجنے اور مکمل تسلیم ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی زندگی کو اطاعت الٰہی کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنی فرمانبرداری کا حکم دیا تو انہوں نے فوراً کہا: ’’میں پروردگارِ عالم کے سامنے تسلیم ہوں۔‘‘
استاد انصاریان نے مزید کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ کے حکم پر اپنی اہلیہ حضرت ہاجرہ سلام اللہ علیہا اور شیرخوار حضرت اسماعیل علیہ السلام کو ایک خشک اور بے آب و گیاہ سرزمین پر چھوڑ دیا۔ یہ واقعہ اللہ کے حکم کے سامنے مکمل تسلیم ہونے کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اہل ایمان کو چاہیے کہ وہ محبت اور خاندانی تعلقات کو اللہ کے احکامات پر ترجیح نہ دیں۔ محبت اپنی جگہ قابل قدر ہے، لیکن اگر کوئی خواہش احکام شرعی کے خلاف ہو تو اسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے حضرت اسماعیل علیہ السلام کے پاؤں کے نیچے سے چشمۂ زمزم کے جاری ہونے کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اللہ تعالیٰ پر توکل اور اس کے احکامات کی اطاعت کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔










آپ کا تبصرہ