منگل 10 نومبر 2026 - 13:16
ولایت سے انحراف کی بنیاد سقیفہ میں پڑی: حجۃ الاسلام والمسلمین مومنی

حوزہ/ حوزہ علمیہ قم المقدسہ کے استاد حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسین مومنی نے کہا کہ ولایت سے انحراف کی ابتدا سقیفہ سے ہوئی، جہاں یہ سوچ سامنے آئی کہ قرآن ہدایت کے لیے کافی ہے اور امام و ولی کی ضرورت نہیں، حالانکہ دین کی صحیح تشریح اور اس کے احکامات پر عمل کے لیے امام کی رہنمائی ضروری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسین مومنی نے قم میں ایام فاطمیہ کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تاریخ کے اہم واقعات کو سمجھنے کے لیے تین بنیادی سوالات پر غور کرنا ضروری ہے: کوئی واقعہ کیوں پیش آیا، وہ کیسے وجود میں آیا اور اس کے کیا نتائج سامنے آئے؟ بعثت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، واقعۂ غدیر اور واقعۂ عاشورا کو بھی اسی انداز سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعۂ غدیر اسلامی تاریخ کا اہم اعتقادی واقعہ ہے، جس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کی امامت اور ولایت کا اعلان فرمایا۔ ان کے مطابق، ولایت سے انحراف کی ابتدا سقیفہ سے ہوئی، جہاں یہ سوچ سامنے آئی کہ قرآن ہدایت کے لیے کافی ہے اور امام و ولی کی ضرورت نہیں، حالانکہ دین کی صحیح تشریح اور اس کے احکامات پر عمل کے لیے امام کی رہنمائی ضروری ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین مومنی نے کہا کہ واقعۂ عاشورا کو سمجھنے کے لیے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد پیش آنے والے واقعات اور ولایت سے دوری کے اسباب کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ واقعۂ غدیر، فاطمیہ کے واقعات اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کو تاریخ کے اسی تسلسل میں سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مصائب اہل بیت علیہم السلام بیان کرتے وقت مستند تاریخی واقعات اور معتبر مقاتل سے استفادہ کرنا چاہیے۔ مصائب صرف جذبات ابھارنے کا ذریعہ نہیں بلکہ ان میں اعتقادی، تربیتی اور بصیرت افروز تعلیمات بھی موجود ہیں۔

انہوں نے آخر میں صحافیوں اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص اپنی صلاحیت اور ذمہ داری کے مطابق دین کی حفاظت، معارف اہل بیت علیہم السلام کی ترویج اور ولایت کی مظلومیت دور کرنے میں کردار ادا کرے۔ کوئی بھی شخص اس ذمہ داری سے بے تعلق نہیں رہ سکتا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha