حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نیو کامٹی، مہاراشٹر/ مدرسۂ علمیہ رسول اعظم، نیو کامٹی، مہاراشٹر میں زعیمِ مدرسہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا انصار علی ہندی مدظلہ العالی کی سرپرستی میں شہادتِ حضرت صدیقۂ کبریٰ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے شبِ اول جمادی الثانی سے مسلسل تین شب تک مجالسِ عزائے فاطمی کا انعقاد عمل میں آیا۔

ان مجالس سے بالترتیب حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مجتبیٰ حیدر شبیری (استاد مدرسۂ علمیہ)، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد تقی ہندی (استاد مدرسۂ علمیہ) اور حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید عباس باقری (صدر آندھراپردیش شیعہ علماء بورڈ و گورنمنٹ شیعہ قاضی آندھراپردیش) نے خطاب کیا۔ مجالس میں مقامی مؤمنین و مؤمنات کے علاوہ ناگپور اور اطراف کے دیگر علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

آخری مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عباس باقری نے کہا کہ آج کی دنیا کو سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو سمجھنے، اس سے رہنمائی حاصل کرنے اور اپنی عملی زندگی میں اسے نافذ کرنے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ آپؑ کی شخصیت کو محض خواتین کے لیے نمونۂ عمل قرار دے کر محدود کردینا ایک بڑی ناانصافی ہے، کیونکہ آپؑ کی عظمت و مقام کا اعتراف خود امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف نے ان الفاظ میں فرمایا ہے: «وَفِي ابْنَةِ رَسُولِ اللّٰهِ لِي أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ» یعنی دخترِ رسولؐ میرے لیے بہترین نمونۂ عمل ہیں۔ اسی طرح امام حسن عسکری علیہ السلام کا ارشاد ہے: «نَحْنُ حُجَجُ اللّٰهِ عَلَى خَلْقِهِ، وَجَدَّتُنَا فَاطِمَةُ حُجَّةٌ عَلَيْنَا» یعنی ہم ائمہ تمام مخلوقات پر اللہ کی حجت ہیں اور ہماری جدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہم پر حجت ہیں۔

مولانا باقری نے سیرتِ فاطمی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جناب سیدہؑ کی حیاتِ طیبہ محبت، ایثار، وفاداری، صبر، قناعت، عبادت اور حقوق العباد کا ایک جامع عملی نمونہ ہے۔ آپؑ کی زندگی میں رشتوں کی عظمت اور باہمی محبت کا ایسا حسین امتزاج نظر آتا ہے جس کی مثال تاریخِ انسانیت میں کم ملتی ہے۔
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ دخترانہ محبت و عقیدت کا عالم یہ تھا کہ آپؐ نے اپنی لختِ جگر کو ’’اُمِّ ابیہا‘‘ کا لقب عطا فرمایا۔ جناب سیدہؑ جب محفلِ رسالت میں تشریف لاتیں تو رسول اللہؐ نہ صرف ان کے احترام میں کھڑے ہوجاتے بلکہ آگے بڑھ کر استقبال فرماتے، پیشانی کا بوسہ لیتے اور اپنی جگہ پر بٹھاتے تھے۔

بحیثیت زوجہ آپؑ کا مقام یہ تھا کہ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے رسول اکرمؐ کے سامنے آپؑ کے بارے میں فرمایا: «نِعْمَ الْعَوْنُ عَلَى طَاعَةِ اللّٰهِ» یعنی آپ اللہ کی اطاعت کے سلسلے میں بہترین مددگار ہیں۔ بحیثیت مادر آپؑ نے امام حسن و امام حسین علیہما السلام جیسی عظیم شخصیات کی تربیت فرمائی، جو جوانانِ جنت کے سردار ہیں۔
مولانا نے مزید کہا کہ جناب سیدہؑ نے نہایت سادہ اور محدود وسائل کے باوجود قناعت و خودداری کے ساتھ زندگی بسر کی۔ گھر کے کاموں میں خود حصہ لیتی تھیں، اپنی کنیز حضرت فضہ کے ساتھ گھریلو ذمہ داریاں انجام دیتی تھیں، فقر و تنگ دستی میں صبر فرماتیں اور کبھی اپنے شوہر سے شکوہ نہیں کرتیں۔ آپؑ کے درِ سخاوت سے کوئی سائل خالی ہاتھ واپس نہیں جاتا تھا۔ آپؑ مدینہ کی خواتین کو احکامِ دین اور تفسیرِ قرآن کی تعلیم بھی دیتی تھیں۔

آپؑ کی عبادت و بندگی کا عالم یہ تھا کہ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام فرماتے ہیں کہ میں نے اپنی والدہ کو شب بھر محرابِ عبادت میں قیام کرتے اور صبح تک عبادت و دعا میں مشغول دیکھا۔ حقوق العباد اور بالخصوص ہمسایوں کے حقوق کی رعایت کا یہ عالم تھا کہ جب امام حسن علیہ السلام نے عرض کیا کہ مادرِ گرامی! آپ دوسروں کے لیے اتنی دعائیں کرتی ہیں، اپنے لیے دعا کیوں نہیں کرتیں؟ تو آپؑ نے فرمایا: «يَا بُنَيَّ، الْجَارُ ثُمَّ الدَّارُ» یعنی بیٹا! پہلے ہمسایہ، پھر اپنا گھر۔
مولانا سید عباس باقری نے اپنے خطاب میں دفاعِ ولایت کے سلسلے میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخی جدوجہد کو بھی تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جناب سیدہؑ دفاعِ ولایت کی راہ میں اولین شہیدہ ہیں۔ آپؑ نے مسجدِ نبوی میں دفاعِ اسلام و ولایت کے لیے جو تاریخی خطبہ ارشاد فرمایا، وہ آج بھی خطبۂ فدکیہ کے نام سے دنیا بھر میں معروف ہے۔ اس خطبے میں آپؑ نے توحید، نبوت، امامت اور قرآن کریم کی عظمت و اہمیت کو واضح کیا، اسلامی احکام و معارف کی حکمتوں کو بیان کیا اور بیس سے زائد قرآنی آیات کے ذریعے اپنے موقف پر استدلال فرمایا۔ یہ خطبہ نہ صرف ایک عظیم علمی و دینی دستاویز ہے بلکہ اس دور کے معاشرتی و سیاسی حالات کے سامنے ایک تاریخی احتجاج بھی ہے۔

مولانا نے عہدِ فاطمی کے تاریخی حالات کو عصرِ حاضر کے تناظر میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح اُس دور میں حق و باطل کی کشمکش کے دوران ولایت و امامت کے نظام کو کمزور کرنے کی کوششیں کی گئیں، اسی طرح آج بھی اسلامی نظام اور اس کی دینی و فکری بنیادوں کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے اسلامی حکومت کے خلاف اختیار کیے جانے والے سیاسی و دیگر اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تاریخِ فاطمی سے یہ درس ملتا ہے کہ حق و اصول پر استقامت ہی اہلِ ایمان کی حقیقی ذمہ داری ہے۔
نمایشگاہِ فاطمی؛ تاریخِ مظلومیت اور سادگی کی مؤثر عکاسی
ان مجالس کے ساتھ مدرسۂ علمیہ رسول اعظم کے اساتذہ اور طلاب کی جانب سے ایک عظیم الشان ’’نمایشگاہِ فاطمی‘‘ بھی قائم کی گئی، جس میں خانۂ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ایک خوب صورت اور مؤثر منظرکشی پیش کی گئی تھی۔ قدیم طرز کے مٹی کے برتن، جانماز اور دیگر سادہ گھریلو اشیاء کے ذریعے جناب سیدہؑ کی سادہ طرزِ زندگی، عبادت، قناعت اور زاہدانہ طرزِ بسر کو نمایاں کیا گیا۔
نمائش میں جنازۂ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور جنت البقیع میں قبورِ اہل بیت علیہم السلام کی مظلومانہ و غریبانہ کیفیت کی بھی منظرکشی کی گئی تھی، جس نے زائرین کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا۔ نمائشگاہ کا مشاہدہ کرنے والے متعدد افراد جذباتی ہوئے بغیر نہ رہ سکے اور اس کی مختلف جھلکیاں تاریخِ اہل بیت علیہم السلام کی مظلومیت کو یاد دلاتی رہیں۔
تینوں شب مجالس میں شرکاء کے لیے تبرک و نذر کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر مدرسۂ علمیہ رسول اعظم نیو کامٹی کا یہ سہ روزہ عزائی پروگرام عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں مجالسِ عزا کے ذریعے سیرتِ فاطمی کے علمی، اخلاقی، تربیتی اور ولائی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ایک مؤثر تاریخی و تعلیمی نمائش کے ذریعے جناب سیدہؑ کی زندگی اور مظلومیت کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔










آپ کا تبصرہ