اتوار 15 نومبر 2026 - 10:23
علمی تحقیق اور فکری تربیت کے مراکز میں کتاب خانوں کا کردار مؤثر بنایا جائے: آیت اللہ اعرافی

حوزہ/ حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا ہے کہ حوزہ علمیہ کے کتاب خانوں کو صرف کتابیں جمع کرنے اور محفوظ رکھنے کی جگہ تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ انہیں علم کی پیداوار، تبادلے، اشاعت اور فکری تربیت کے فعال مراکز میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کتب خانوں کے منتظم کی پیشہ ورانہ اور علمی صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنے پر بھی زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ہفتہ کتاب و مطالعہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کتاب اور لائبریریاں انسانی زندگی، علمی اداروں اور حوزات علمیہ کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ موقع اس بات پر غور کرنے کا بھی ہے کہ موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق کتابوں اور لائبریریوں کی ترقی کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حوزہ علمیہ کی علمی روایت میں لائبریری محض کتابوں کو جمع کرنے اور محفوظ رکھنے کی جگہ نہیں، بلکہ تحقیق کا سہارا، مختلف افکار کے درمیان رابطے کا ذریعہ اور ماضی کے علمی ورثے کو موجودہ نسل کی علمی کوششوں سے جوڑنے کا اہم وسیلہ ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپؑ نے علم کو لکھنے، اسے دوسروں تک پہنچانے اور اپنی کتابوں کو آنے والی نسلوں کے لیے میراث چھوڑنے کی تاکید فرمائی ہے۔ اس روایت سے علم کی اشاعت اور علمی سرمایہ آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کی اہمیت واضح ہوتی ہے، جس میں لائبریریوں کا کردار نہایت اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حوزہ علمیہ کے کتاب خانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے کتابوں اور علمی ذخائر میں اضافہ، خصوصی موضوعات پر لائبریریوں کا قیام، معلومات اور تحقیقی خدمات کو بہتر بنانا، جدید تکنیکی سہولتیں فراہم کرنا اور ماہر افراد کی خدمات حاصل کرنا ضروری ہے۔ ان اقدامات کے لیے منصوبہ بندی اور حوزہ علمیہ کے ذمہ داران کی مسلسل توجہ درکار ہے۔

حوزہ علمیہ کے سربراہ نے کتب خانوں کے منتظم کے کردار کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ذمہ داری صرف کتابوں کی حفاظت اور ترتیب تک محدود نہیں، بلکہ وہ محققین کی رہنمائی، علمی ضروریات کی شناخت اور مطلوبہ معلومات تک رسائی آسان بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لیے ان کی پیشہ ورانہ حیثیت کا احترام کیا جائے اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔

آیت اللہ اعرافی نے طلبہ میں مطالعے کی عادت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علمی اور فکری صلاحیتوں کے حامل طلبہ کی تربیت کے لیے ضروری ہے کہ وہ درسی کتابوں کے علاوہ دیگر علمی اور تحقیقی کتابوں کا بھی مطالعہ کریں۔ مدارس میں مطالعے کی حوصلہ افزائی، مفید کتابوں کا تعارف اور تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ مطالعے کو جوڑنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان ترقیوں نے کتاب، تحقیق اور علمی پیداوار کے مفہوم میں بڑی تبدیلی پیدا کردی ہے۔ اس لیے اسلامی علوم میں تحقیق کے نئے طریقوں کو سمجھنے، دینی و اسلامی اور شیعہ علمی ورثے کو محفوظ رکھنے اور لائبریریوں کے درمیان رابطے اور تعاون کا مضبوط نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

آخر میں آیت اللہ اعرافی نے ہفتہ کتاب و مطالعہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کتب خانے کے منتظم، محققین، مصنفین اور مطالعے کے فروغ کے لیے کام کرنے والے تمام افراد کی خدمات کو سراہا اور حوزات علمیہ کی علمی ترقی اور اسلامی معارف کی اشاعت کے لیے مزید کامیابی کی دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha