حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں اسرائیلی حملوں اور محاصرے کے دوران ایک فلسطینی ڈاکٹر نے اپنی جان بچانے کے بجائے لوگوں کی خدمت کو ترجیح دی اور آخری وقت تک زخمیوں اور مریضوں کے علاج میں مصروف رہے۔ روسی شہریت رکھنے کے باوجود انہوں نے غزہ چھوڑنے سے انکار کیا اور بالآخر اسی اسپتال میں شہید ہوگئے جہاں برسوں لوگوں کی جان بچاتے رہے تھے۔
52 سالہ فلسطینی ڈاکٹر رزق احمد ابوشعیرہ خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس میں شعبۂ جنرل سرجری کے سربراہ تھے۔ ان کے پاس روسی شہریت بھی تھی اور وہ چاہتے تو غزہ سے باہر جا سکتے تھے، لیکن انہوں نے اپنے وطن کے مظلوم عوام کے درمیان رہنے اور ان کی خدمت کرنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق، جنگ کے تمام عرصے میں انہوں نے اسپتال نہیں چھوڑا اور ان کے ساتھیوں کے مطابق وہ ایک دن بھی اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر نہیں ہوئے۔ انہوں نے تقریباً تین ماہ تک ناصر میڈیکل کمپلیکس کے محاصرے میں رہ کر شدید مشکلات، ادویات اور طبی آلات کی کمی اور مسلسل حملوں کے خطرات کے باوجود زخمیوں کا علاج جاری رکھا۔
جمعرات 12 نومبر 2026 کی صبح اسرائیلی جنگی طیاروں نے ناصر میڈیکل کمپلیکس کی یاسین عمارت کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ ان میں سے ایک میزائل عمارت کی ان منزلوں پر گرا جہاں آئی سی یو اور آپریشنل تھیئٹر موجود تھا۔ ڈاکٹر ابوشعیرہ حملے سے چند گھنٹے پہلے ہی مریضوں کے آپریشن مکمل کر چکے تھے، لیکن اس بار وہ خود اسرائیلی حملے کا نشانہ بن گئے۔
اس حملے میں ڈاکٹر ابوشعیرہ سمیت 6 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں مریض اور ان کے تیماردار بھی شامل تھے، جبکہ 20 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔
ان کے ساتھیوں نے انہیں ایک ماہر اور فرض شناس سرجن قرار دیا ہے، جو انتہائی مشکل حالات میں بھی اپنے مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑتے تھے۔
فلسطین کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ڈاکٹر ابوشعیرہ کی شہادت کے ساتھ ہی غزہ میں شہید ہونے والے طبی عملے کے افراد کی کل تعداد 1724 ہوگئی ہے۔
روسی شہریت کے ذریعے غزہ سے نکلنے کا موقع ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے لوگوں کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا اور اسی اسپتال میں اپنی جان قربان کردی جہاں وہ برسوں انسانوں کی زندگیاں بچانے کے لیے خدمات انجام دی
تے رہے۔










آپ کا تبصرہ