اتوار 15 نومبر 2026 - 21:06
سیرتِ فاطمی پوری انسانیت کے لیے کامل نمونۂ حیات ہے: مولانا سید نقی مہدی زیدی

حوزہ/ روضۂ امام حسین علیہ السلام، تاراگڑھ اجمیر میں شہادتِ حضرت فاطمہ زہراؑ کی مناسبت سے منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ تاراگڑھ، حجۃ الاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے سیرتِ فاطمیؑ کے علمی، اخلاقی اور تربیتی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ کی ذاتِ گرامی پوری انسانیت کے لیے کامل نمونۂ حیات ہے، جبکہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی احادیث آپؑ کے عظیم مقام و منزلت اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں آپؑ کے بے مثال مرتبے کی گواہ ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہادتِ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے روضہ امام حسین علیہ السلام، تاراگڑھ اجمیر میں مجلسِ عزائے فاطمیہ منعقد ہوئی، جس سے امام جمعہ تاراگڑھ حجت الاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے خطاب کیا۔

مولانا سید نقی مہدی زیدی نے اپنے خطاب میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی عظمت و فضیلت، علمی مقام، اخلاق اور سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہزادیٔ کونین سلام اللہ علیہا کی عظمت کا اندازہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس فرمان سے لگایا جا سکتا ہے:"یا سلمان! ان ابنتی فاطمة ملا الله قلبها وجوارحها ایمانا ویقینا الی ڑمشاشها تفرغت لطاعة الله"اے سلمان! بے شک خداوندِ عالم نے میری بیٹی فاطمہ سلام اللہ علیہا کے قلب، اعضاء اور ہڈیوں کو ایمان و یقین سے بھر دیا ہے اور وہ خداوندِ عالم کی اطاعت کے لیے پوری طرح یکسو ہیں۔

انہوں نے مزید رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک دوسری حدیث بیان کرتے ہوئے کہا کہ "نور ابنتی فاطمة من نور الله وابنتی فاطمة افضل من السماوات والارض"میری بیٹی فاطمہ سلام اللہ علیہا کا نور اللہ کے نور سے ہے اور میری بیٹی فاطمہ سلام اللہ علیہا آسمانوں اور زمین سے برتر ہیں۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی روایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ لولا ان امیرالمؤمنین علیه السلام تزوجها لما کان لها کفو الی یوم القیامة علی وجه الارض آدم فمن دونه"اگر امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام، حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا سے ازدواج نہ فرماتے تو روزِ قیامت تک روئے زمین پر حضرت آدم علیہ السلام اور ان کے بعد آنے والی تمام مخلوقات میں کوئی بھی آپ سلام اللہ علیہا کا ہمسر نہ ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیتِ زوجہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کا مقام یہ تھا کہ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے آپ سلام اللہ علیہا کے بارے میں فرمایا:نِعْمَ الْعَوْنُ عَلَى طَاعَةِ اللّٰهِ یعنی آپ اللہ کی اطاعت کے راستے میں بہترین مددگار ہیں۔ اسی طرح بحیثیت مادر آپ سلام اللہ علیہا نے امام حسن اور امام حسین علیہما السلام جیسی عظیم ہستیوں کی تربیت فرمائی، جو جوانانِ جنت کے سردار ہیں۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ سیرتِ فاطمی نہ صرف خواتین بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک کامل نمونۂ حیات ہے، جس سے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha