جمعہ 20 فروری 2026 - 23:54
تارا گڑھ اجمیر؛ مدرسہ امامیہ جعفریہ میں ماہِ رمضان کے خصوصی دروسِ تفسیر قرآن، احکام، اخلاق اور عقائد کا آغاز

حوزہ/ ماہِ رمضان المبارک کے موقع پر مدرسہ امامیہ جعفریہ میں مولانا سید نقی مہدی زیدی اور مولانا مظفر حسین کی زیر نگرانی تفسیر قرآن، احکامِ شرعیہ، اخلاق اور عقائد سے متعلق خصوصی دروس کا انعقاد کیا گیا ہے، جن میں بڑی تعداد میں جوان و نوجوان طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں اور اسلامی تعلیمات سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تارا گڑھ اجمیر میں ماہ رمضان المبارک کی مناسبت سے مولانا سید نقی مہدی زیدی اور مولانا مظفر حسین کے ذریعے اول رمضان المبارک ١٤٤٧ تا ٣٠ رمضان المبارک ١٤٤٧ مدرسہ امامیہ جعفریہ میں تفسیر قرآن احکام اخلاق اور عقائد پر خصوصی کلاسز کا انعقاد کیا گیا ہے؛ ان کلاسز کا مقصد لوگوں کو قرآن مجید کی گہرائیوں سے روبرو کروانا اور اسلامی شریعت کے احکام کو صحیح طریقے سے سمجھانا ہے اور عقائد کے ساتھ ساتھ مبتلا بہ مسائل کا بیان کرنا ہے۔

ان کلاسوں میں بڑی تعداد میں جوان و نوجوان طلاب و طالبات شرکت کر رہے ہیں اور علمائے کرام کے بیانات سے مستفید ہورہے ہیں۔ کلاس کے دوران موجود لوگوں نے علماء سے اپنے سوال پوچھے اور اسلامی طریقہ زندگی سے متعلق اہم مسائل پر ہدایت حاصل کی۔

تارا گڑھ اجمیر؛ مدرسہ امامیہ جعفریہ میں ماہِ رمضان کے خصوصی دروسِ تفسیر قرآن، احکام، اخلاق اور عقائد کا آغاز

اس موقع پر مولانا سید نقی مہدی زیدی نے سبھی موجود لوگوں سے رمضان المبارک کے حوالے سے بیان کیا کہ: رمضان المبارک کی پہلی تاریخ کو امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام نے مسجد کوفہ میں خطبہ ارشاد فرمایا، خطَبَ أَمِيرُ الْمُؤْمِنِينَ ع فِي أَوَّلِ يَوْمٍ مِنْ شَهْرِ رَمَضَانَ فِي مَسْجِدِ الْكُوفَةِ فَحَمِدَ اللَّهَ بِأَفْضَلِ الْحَمْدِ وَ أَشْرَفِهَا وَ أَبْلَغِهَا وَ أَثْنَى عَلَيْهِ بِأَحْسَنِ الثَّنَاء وَ صَلَّى عَلَى مُحَمَّدٍ نَبِيِّهِ ص ثُمَّ قَال‏:

أيُّهَا الصَّائِمُ تَدَبَّرْ أَمْرَكَ فَإِنَّكَ فِي شَهْرِكَ هَذَا ضَيْفُ رَبِّكَ انْظُرْ كَيْفَ تَكُونُ فِي لَيْلِكَ وَ نَهَارِكَ وَ كَيْفَ تَحْفَظُ جَوَارِحَكَ عَنْ مَعَاصِي رَبِّكَ انْظُرْ أَنْ لَا تَكُونَ بِاللَّيْلِ نَائِماً وَ بِالنَّهَارِ غَافِلًا فَيَنْقَضِيَ شَهْرُكَ وَ قَدْ بَقِيَ عَلَيْكَ وِزْرُكَ فَتَكُونَ عِنْدَ اسْتِيفَاءِ الصَّائِمِينَ أُجُورَهُمْ مِنَ الْخَاسِرِينَ وَ عِنْدَ فَوْزِهِمْ بِكَرَامَةِ مَلِيكِهِمْ مِنَ الْمَحْرُومِينَ وَ عِنْدَ سَعَادَتِهِمْ بِمُجَاوَرَةِ رَبِّهِمْ مِنَ الْمَطْرُودِين‏

خدا کی بہترین حمد و ثنا اور حضرت نبی اکرم صلّی اللہ علیہ و آلہ پر صلوات و درود کے بعد فرماتے ہیں: اے روزہ دار! اپنے کاموں میں غور و فکر کرو، کیونکہ تم اس مہینے میں اپنے رب کے مہمان ہو! لہذا خیال رہے کہ تم اپنے روز و شب میں کس طرح رہتے ہو اور کس طرح اپنے اعضاء و جوارح کو خدا کی نافرمانی سے محفوظ رکھتے ہو۔

دیکھو ایسا نہ ہو کہ تم رات میں سوتے رہو اور دن غفلت میں کاٹ دو، اس طرح پورا مہینہ ختم ہوجائے اور گناہوں کا بوجھ تمہارے دوش پر ابھی بھی باقی ہو، اور جب روزہ دار حضرات اسکی جزا پا رہے ہوں تو تم گھاٹا اٹھانے والوں میں قرار پاؤ، اور جب وہ اپنے مالک کی جانب سے انعام و اکرام سے نوازے جارہے ہوں تو تم محرومین میں رہو، اور جب وہ خدا کی بارگاہ میں سعادت سے ہمکنار ہوں تو تم مردود بارگاہ بن جاؤ۔

انہوں نے مزید کہا کہ: یہ مہینہ خاص اللہ کا ہے، اور اس میں تمام روزے دار، چاہے وہ کسی بھی رنگ و نسل، علاقے یا کسی نظریے سے تعلق رکھتے ہوں، اللہ کے مہمان ہوتے ہیں۔ اللہ کی رحمت، مغفرت اور برکت سب کے لیے برابر ہے، بالکل ایسے جیسے سورج کی روشنی سب پر یکساں پڑتی ہے۔ فرق صرف اتنا ہوتا ہے کہ ہر انسان اپنی روحانی اور جسمانی صلاحیت کے مطابق اس مہینے کی برکات سے فائدہ اٹھاتا ہے۔

مولانا نقی مھدی زیدی نے درس کے دوران رمضان المبارک کی اہمیت اور انسان کی زندگی میں اس مقدس مہینے کے اثرات و برکات کے سلسلے میں امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک روایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ: سید ابن طاؤس علیہ الرحمہ نے امام جعفر صادق علیہ السلام سے نقل کیا ہے کہ امامؑ نے فرمایا: ماہ رمضان سے سال کا آغاز ہوتا ہے، اگر رمضان اچھا گزرےگا تو پورا سال اچھا گزرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ: رمضان المبارک کا استقبال کچھ اس طرح سے کریں کہا اگر کسی کا مقروض ہے تو رمضان سے پہلے اس کا قرض ادا کرو۔ اگر کسی کا حق غضب کیا ہوا یے تو اس کا حق اسے دے دیں۔اگر کسی کی دل آزاری کی ہے، کسی سے رابطہ توڑ دیاہے کیا ہے تو اس سے رابطہ برقرار کریں، اپنے محلے کی مسجد کی صفائی کرکے اس کو رمضان کے لیے تیار کریں تاکہ بہترین طریقے سے خدا کے اس مہینے میں عبادت کرسکیں۔

اس طریقے سے ہم ماہ مبارک رمضان کا استقبال کرسکتے ہیں پروردگار عالم ہم سب کو ماہ رمضان سے پہلے اپنے آپ کو روزے کے لئے تیار کرنے کی توفیق عطا فرما اور ہمیں یہ توفیق دے کہ ہم اس مقدس مہینے سے بھرپور استفادہ کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha