پیر 16 نومبر 2026 - 16:25
بحرین میں شیعہ علماء کو عمر قید کی سزائیں دینا مذہبی آزادی اور عدل و انصاف کے منافی ہے؛ مجمع علماء و خطباء حیدرآباد

حوزہ/ مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن نے بحرین میں آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم سمیت درجنوں شیعہ علماء اور دینی شخصیات کو عمر قید کی سزائیں سنائے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بحرینی حکام سے ان سزاؤں پر فوری نظرثانی اور تمام زیرِ حراست علماء کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ علماءِ دین کو نشانہ بنانا مذہبی آزادی، انسانی حقوق اور عدل و انصاف کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ مذہبی وابستگی اور اختلافِ رائے کی بنیاد پر دینی شخصیات کو سخت سزائیں دینا کسی بھی مہذب معاشرے اور انصاف پسند نظام میں قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔

مکمل بیان حسب ذیل ہے::

مجمع علماء و خطباء حیدرآباد بحرین میں شیعہ علماء، دینی شخصیات اور مذہبی رہنماؤں کے خلاف جاری عدالتی کارروائیوں اور انہیں عمر قید جیسی سخت سزائیں سنائے جانے پر اپنے شدید احتجاج اور گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق بحرین کی عدالت نے آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم سمیت درجنوں شیعہ علماء اور دینی شخصیات کو عمر قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ یہ خبر نہایت افسوس ناک اور تشویش ناک ہے۔ علماءِ دین، ائمہ جمعہ اور مذہبی رہنماؤں کو اجتماعی مقدمات میں سخت سزائیں دینا اور ان کی دینی و مذہبی سرگرمیوں کو جرم کے طور پر پیش کرنا کسی بھی مہذب معاشرے اور انصاف پسند نظام کے لیے قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔

بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی ان مقدمات میں مبینہ تشدد، غیر انسانی سلوک، جبراً اعترافِ جرم، خفیہ سماعتوں اور قانونی دفاع کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ہم بحرین کے حکام کو واضح طور پر متوجہ کرنا چاہتے ہیں کہ علماءِ دین کا احترام، مذہبی آزادی کا تحفظ اور شہریوں کو منصفانہ عدالتی کارروائی کا حق فراہم کرنا کسی بھی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اختلافِ رائے یا مذہبی وابستگی کی بنیاد پر کسی کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا اور سخت ترین سزاؤں سے خوف زدہ کرنا مسائل کا حل نہیں، بلکہ معاشرے میں مزید بے چینی اور نفرت کو جنم دینے کا سبب بنتا ہے۔

مجمع علماء و خطباء حیدرآباد مطالبہ کرتا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم اور دیگر تمام شیعہ علماء کے خلاف سنائی گئی سزاؤں پر فوری نظرثانی کی جائے، غیر منصفانہ عدالتی کارروائیوں کو روکا جائے، تشدد اور جبراً اعترافِ جرم کے الزامات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور تمام زیرِ حراست علماء و دینی شخصیات کو رہا کیا جائے۔

ہم اقوامِ متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، عالمِ اسلام کے علماء، دینی مراکز اور بین الاقوامی اداروں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بحرین میں شیعہ علماء کے حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے مؤثر آواز بلند کریں اور اس معاملے کو خاموشی سے نظرانداز نہ کریں۔

علماء کا احترام کسی ایک مسلک یا طبقے کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ آزادیِ مذہب، انسانی وقار اور عدل و انصاف کا عالمی مسئلہ ہے۔

ہم اس مشکل گھڑی میں بحرین کے مظلوم علماء، ان کے اہلِ خانہ اور وہاں کے مومنین کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ خداوندِ عالم تمام علماء و مومنین کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور انہیں ظلم و ناانصافی سے نجات عطا فرمائے۔

منجانب: مجمع علماء و خطباء حیدرآباد

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha