جمعہ 30 اکتوبر 2026 - 05:45
مجلسِ علماء امامیہ پاکستان کی کویت میں شیعہ علماء و شخصیات کی گرفتاریوں کی مذمت

حوزہ/مجلسِ علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ نے ایک بیان میں کویت میں شیعہ علماء و شخصیات کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے ایک بیان میں کویت میں شیعہ علماء و شخصیات کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مذمتی بیان کا متن مندرجہ ذیل ہے:

مجلس علماء امامیہ پاکستان، کویت میں شیعہ اراکینِ پارلیمان، علماءِ دین، خطباء، اہلِ قلم اور سماجی شخصیات کی گرفتاریوں اور ان کے خلاف مسلکی بنیادوں پر جاری امتیازی و جابرانہ اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے۔

ہم، مذہبی و مسلکی وابستگی کی بنیاد پر حوزۂ علمیہ کے استادِ سطحِ عالیہ آیت اللہ شیخ حسین معتوق حفظہ اللہ سمیت دیگر علمی، سیاسی و سماجی شخصیات کے خلاف غیر منصفانہ اور انتقامی عدالتی احکامات کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔

کسی شہری کو اس کے مذہبی تشخص اور مکتبِ اہلِ بیتؑ سے وابستگی کی بنیاد پر نشانہ بنانا صریح ناانصافی، شہری مساوات کی نفی اور مذہبی آزادی کے مسلمہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

کسی بھی معاشرے میں پائیدار امن و استحکام جبر، امتیاز اور خوف کے ذریعے نہیں، بلکہ عدل، قانون کی بالادستی اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے احترام سے قائم ہوتا ہے۔

بے گناہ شہریوں، علماء اور دینی شخصیات کو گرفتار کرنا اور انہیں مسلکی شناخت کی بنیاد پر دباؤ میں لانا اسلامی اقدار اور مروجہ قوانین کے منافی ہے۔

کویت کے شیعہ شہری اس ملک کی تاریخ، معاشرت اور قومی زندگی کا اہم حصہ ہیں۔ صدامی جارحیت کے دوران کویت کے دفاع اور آزادی کے لیے کویتی شیعہ قوم کی قربانیاں اور وطن سے اس کی وفاداری ناقابلِ فراموش ہیں۔

آج اسی قوم کو اس کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر نشانہ بنانا انصاف، قومی یکجہتی اور باہمی اعتماد کے تقاضوں کے منافی ہے۔

مجلسِ علماء امامیہ پاکستان کویتی حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتار شدگان کو فوری طور پر رہا کیا جائے، مسلکی امتیاز پر مبنی تمام اقدامات ختم کیے جائیں اور ہر شہری کے مذہبی، سیاسی اور آئینی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے۔

ہم مسلم علماء، دینی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور حکومتوں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں اور مظلوموں کے دفاع میں اپنا شرعی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ادا کریں۔

ہماری نظر میں مظلوم کی حمایت کسی سرحد یا مسلک کی پابند نہیں؛ یہ عدل و انسانیت کا تقاضا اور دینی ذمہ داری ہے۔ ہم کویت کے شیعہ برادران کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے، ان کی مذہبی آزادی کا احترام کیا جائے اور ان کے جائز حقوق بحال کیے جائیں۔ اللہ تعالیٰ محمد و آلِ محمدؑ کے صدقے مظلوموں کی حفاظت فرمائے، گرفتار شدگان کی رہائی کے اسباب پیدا کرے اور تمام مسلم معاشروں کو عدل، امن اور اخوت کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha