جمعرات 29 اکتوبر 2026 - 14:34
آیت اللہ دری نجف آبادی: اللہ کی مشیت کے مقابلے میں ظاہری طاقت اور وسائل بے بس ہیں

حوزہ/ آیت اللہ دری نجف آبادی نے درس تفسیر میں کہا کہ اصحاب فیل کا واقعہ یاد دلاتا ہے کہ ظاہری طاقت اور وسائل کے باوجود کوئی قوت اللہ تعالیٰ کی مشیت کے مقابلے میں کامیابی کی ضمانت نہیں دے سکتی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ مرکزی میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ قربان علی دری نجف آبادی نے کہا ہے کہ سورۂ قریش میں امن اور معاشی خوش حالی کو اللہ تعالیٰ کی دو اہم نعمتوں کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کے دباؤ اور سازشوں کے باوجود ایران کو کمزور اور ختم کرنے کے مقاصد حاصل نہیں ہو سکے۔

اراک میں درس تفسیر کے دوران آیت اللہ دری نجف آبادی نے سورۂ فیل اور سورۂ قریش کے باہمی تعلق کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں سورتیں مفہوم اور مضمون کے اعتبار سے ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں اور روایات میں نماز کے دوران انہیں ایک ساتھ پڑھنے کی تاکید بھی ملتی ہے۔

انہوں نے سورۂ قریش کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قریش کے لیے سردیوں اور گرمیوں کے تجارتی سفر کے مواقع فراہم کیے، جس سے ان کی معاشی سرگرمیوں اور تجارتی تعلقات کو فروغ ملا۔ اس سورہ میں اللہ تعالیٰ کی ان نعمتوں کا ذکر ہے جن کے ذریعے قریش کو بھوک سے نجات اور خوف سے امن ملا۔

آیت اللہ دری نجف آبادی نے اصحاب فیل کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابرہہ کی جانب سے خانہ کعبہ کو تباہ کرنے کی کوشش ناکام ہوئی۔ یہ واقعہ یاد دلاتا ہے کہ ظاہری طاقت اور وسائل کے باوجود کوئی قوت اللہ تعالیٰ کی مشیت کے مقابلے میں کامیابی کی ضمانت نہیں دے سکتی۔

انہوں نے ایران کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم دباؤ، دھمکیوں اور سازشوں کے باوجود ثابت قدم ہے۔ ان کے مطابق، قوم کی مزاحمت نے ایران کی طاقت اور عالمی سطح پر اس کے احترام میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے چین اور روس سمیت بااثر ممالک کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ قومی مفادات کی بنیاد پر بیرونی تعلقات کو فروغ دینا ملک کی معیشت اور عالمی مقام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha