پیر 20 جولائی 2026 - 18:24
بحرین میں شہری حقوق کی پامالی شیعوں اور علماء کے خلاف منظم حکومتی پالیسی بن چکی

حوزہ / بحرین کے شیخ عادل الشعلة نے کہا ہے کہ بحرین میں شیعہ شہریوں کے حقوق کی مسلسل پامالی اب ایک منظم حکومتی پالیسی کی صورت اختیار کر چکی ہے، جس کا ہدف شیعہ برادری، علماء اور دینی شعائر ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بحرین کے ممتاز عالم دین شیخ عادل الشعلة نے اپنے بیان میں کہا: بحرین میں شیعہ شہریوں کے خلاف شہری حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اب براہِ راست دینی اور انسانی مقدسات کی توہین میں تبدیل ہو چکی ہیں جبکہ حکمرانوں نے اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات اور دینی شناخت کو نشانہ بنانے کی منظم پالیسی اپنا رکھی ہے۔

انہوں نے کہا: بحرینی حکومت علماء، خطباء اور مبلغین کے خلاف گرفتاریوں، عدالتی کارروائیوں اور مختلف پابندیوں کے ذریعے شیعہ معاشرے کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ جعفری اوقاف پر قبضے اور مذہبی آزادیوں کو محدود کرنے کے اقدامات بھی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔

شیخ عادل الشعلة نے کہا: جب ظلم عام ہو جائے، حق پامال کیا جائے اور علماء کی عزت و آزادی کو نشانہ بنایا جائے تو خاموشی اختیار کرنا جائز نہیں رہتا بلکہ حق گوئی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ایک شرعی اور اخلاقی ذمہ داری بن جاتی ہے۔

انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، دینی مراکز اور آزاد ضمیر رکھنے والے افراد سے مطالبہ کیا کہ وہ بحرین میں شیعہ شہریوں اور علماء کے خلاف جاری امتیازی پالیسیوں کا نوٹس لیں اور بنیادی انسانی و مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha