ہفتہ 25 جولائی 2026 - 19:22
بحرین کی انقلابی جماعتوں کی علماء کے حق میں "جمعۂ نصرتِ علما" منانے کی اپیل

حوزہ/ بحرین کی انقلابی جماعتوں نے شیعہ علما کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے عوام سے "جمعۂ نصرتِ علما" منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں شیعہ برادری کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور مذہبی شخصیات کے خلاف کارروائیاں قابلِ مذمت ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بحرین کی انقلابی جماعتوں نے شیعہ علما کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے عوام سے "جمعۂ نصرتِ علما" منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں شیعہ برادری کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور مذہبی شخصیات کے خلاف کارروائیاں قابلِ مذمت ہیں۔

بحرین کی انقلابی جماعتوں کے نمائندوں نے اپنے مشترکہ بیان میں آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم کے حالیہ بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ بحرین میں شیعہ شہریوں کو وجودی خطرات کا سامنا ہے۔ جماعتوں نے الزام لگایا کہ حکومت مذہبی شخصیات، مساجد، امام بارگاہوں، اوقاف اور مذہبی مقامات کو نشانہ بنا رہی ہے اور شیعہ مذہبی شناخت کو کمزور کرنے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ وطن اور دین سے وفاداری کا تقاضا ہے کہ ظلم اور شہری حقوق کی پامالی کے خلاف خاموشی اختیار نہ کی جائے۔ انقلابی جماعتوں نے فرقہ وارانہ بنیادوں پر شہریوں کو نشانہ بنانے کی پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے قومی اتحاد کے تحفظ اور بیرونی مداخلت سے دور رہنے پر زور دیا۔

جماعتوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ 7 صفر کو حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والی مجالس میں بھرپور شرکت کریں گی۔ انہوں نے ان قوانین کو مسترد کیا جن کے ذریعے مذہبی شعائر پر پابندیاں عائد کرنے اور عوام کو مذہبی اجتماعات سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انقلابی جماعتوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ جمعہ کو "جمعۂ نصرتِ علما" کے طور پر منائیں، مساجد میں جمع ہو کر قید علما کی رہائی، مظلوموں کی نصرت اور بحرین میں امن و انصاف کے قیام کے لیے دعا کریں۔

بیان کے اختتام پر عوام سے ملک بھر میں پرامن احتجاج اور مظاہروں میں شرکت کی بھی اپیل کی گئی تاکہ علما کے خلاف مقدمات، مذہبی آزادیوں پر قدغن اور مبینہ ظلم و ستم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے۔ جماعتوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بحرین کے عوام اپنی مذہبی شناخت، شعائر اور علما سے وفادار رہیں گے اور ان کے دفاع سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha