تحریر: محدثہ بتول
مقدمہ
انسانی تمدن کی بنیاد علم پر ہے اور علم کی بنیاد خبر پر ہے۔ اگر خبر سچی ہو تو تمدن سچا بنتا ہے اور اگر خبر جھوٹی ہو تو تمدن تباہ ہو جاتا ہے۔ قرآن کریم نے اسی حقیقت کو سورہ حجرات میں بیان کیا ہے۔ یہ سورہ مدنی سورہ ہے اور اسے "سورۃ الآداب" بھی کہا جاتا ہے، کیونکہ اس میں معاشرتی آداب سکھائے گئے ہیں۔ اس سورہ کی آیت نمبر 6، میڈیا اور علمی اقتدار کے بارے میں سب سے بڑی آیت ہے۔
امام خمینی (رح) فرماتے ہیں: "ہمارا سارا انقلاب، تبیین کا انقلاب تھا۔" اور امام خامنہ ای فرماتے ہیں: "آج جہاد تبیین واجب عینی ہے۔"
لغوی و اصطلاحی تحقیق - شیعہ لغویین کی نظر میں
1- نبأ کی تحقیق:
علامہ راغب اصفہانی مفردات القرآن میں لکھتے ہیں: النبأ خبر ذو فائدة عظیمة یحصل به علم أو غلبة ظن۔ یعنی نبأ وہ خبر ہے جس سے علم یا ظن غالب حاصل ہو اور وہ فائدہ مند ہو۔ اسی لیے قرآن نے عام خبر کو خبر نہیں کہا، نبأ کہا۔ آج کی بریکنگ نیوز ہی نبأ ہے۔
علامہ طباطبائی المیزان، جلد 18، صفحہ 312 میں فرماتے ہیں: "النبأ هو الخبر الذی له شأن خطیر۔" ہر خبر نبأ نہیں ہوتی، وہ خبر نبأ ہوتی ہے جس کا اثر امت پر پڑے۔
2- فسق کی تحقیق:
شیعہ فقہ میں فاسق کی تعریف: الخارج عن طاعة الله بارتکاب الکبیرة۔ یعنی جو کبیرہ گناہ کا مرتکب ہو۔
امام جعفر صادق (ع) سے روایت ہے: الفاسق من یحکی الکذب و یشهد الزور - فاسق وہ ہے جو جھوٹ بیان کرے اور جھوٹی گواہی دے۔ (وسائل الشیعہ، ج27، ص 233)۔
آج کا میڈیا جو جان بوجھ کر جھوٹ پھیلاتا ہے، وہ اسی روایت کی مصداق فاسق میڈیا ہے۔
3- تبیّن کی تحقیق:
علامہ طبرسی مجمع البیان میں فرماتے ہیں: التبین هو التعرف والفحص و طلب البیان حتی یظهر الحق۔ یعنی حق کے ظاہر ہونے تک تحقیق کرنا۔
دو قرآتیں ہیں: فتبینوا اور فتثبتوا۔ اہل بیت (ع) کی قرآت "فتبینوا" ہے اور اہل سنت کی بعض قرآتوں میں "فتثبتوا" بھی ہے۔ دونوں کا مفہوم ایک ہے: تحقیق واجب ہے۔ (مجمع البیان، ج9، ص 198)
شان نزول - شیعہ و سنی کتب میں
یہ آیت بالاتفاق ولید بن عقبہ بن ابی معیط کے بارے میں نازل ہوئی۔ ولید کو رسول اللہ (ص) نے بنی المصطلق کی زکوٰۃ لینے بھیجا۔ بنی المصطلق استقبال کے لیے باہر نکلے، ولید نے سمجھا وہ جنگ کے لیے آ رہے ہیں، وہ واپس مدینہ بھاگ آیا اور جھوٹی خبر دی کہ انہوں نے مرتد ہو کر زکوٰۃ سے انکار کر دیا ہے۔
رسول اللہ (ص) نے خالد بن ولید کو تحقیق کے لیے بھیجا تو معلوم ہوا خبر جھوٹی تھی۔ تب یہ آیت نازل ہوئی۔(تفسیر القمی، علی بن ابراہیم قمی، ج2، ص 323)
( تفسیر ابن کثیر، ج7، ص 344، تفسیر طبری، ج26، ص 85)
اہل بیت سے روایت: امام باقر (ع) فرماتے ہیں: نزلت هذه الآیة فی الولید بن عقبة (تفسیر البرہان، ج5، ص 82)
اس سے اصول نکلا کہ خبر واحد، خصوصا فاسق کی خبر، حجت نہیں، جب تک تحقیق نہ ہو۔ یہی اصول علم اصول فقہ میں "حجیت خبر واحد" کے باب میں آتا ہے۔
آیت کا فقہی و کلامی استدلال - مکتب تشیع میں
شیعہ اصولی فقہاء اس آیت سے 3 بڑے اصول نکالتے ہیں:
1- حجیت خبر واحد کی شرط:
شیخ انصاری رسائل میں فرماتے ہیں: یہ آیت دلالت کرتی ہے کہ فاسق کی خبر مردود ہے، مگر عادل کی خبر حجت ہے، بشرطیکہ تبیین ہو جائے۔ (فرائد الاصول، ص 85)
2- وجوب تبیین:
امام خمینی (رح) کتاب البیع میں فرماتے ہیں: اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ بغیر تحقیق کے کسی مومن کی ہتک کرنا حرام ہے۔ اگر میڈیا کسی مومنہ کی بے حجابی کی جھوٹی خبر پھیلائے تو اس کی تحقیق واجب ہے۔
3- جہالت سے بچنا:
قرآن نے کہا: ان تصیبوا قوما بجھالة - جہالت میں کسی قوم کو نقصان نہ پہنچاؤ۔ یعنی بغیر علم کے فیصلہ کرنا، جہالت ہے۔ آج فیک نیوز پھیلانا، اسی جہالت کی مصداق ہے۔
روایات اہل بیت (ع) اس آیت کی تفسیر میں
روایت 1: امیر المومنین علی (ع) فرماتے ہیں: لَا تَقْفُ مَا لَيْسَ لَكَ بِهِ عِلْمٌ جس چیز کا علم نہ ہو اس کے پیچھے نہ چلو۔ اور فرمایا: من حدث بما سمع فهو کاذب جو ہر سنی سنائی بات کو آگے بیان کرے وہ جھوٹا ہے۔ (غرر الحکم، حدیث 10231، نہج البلاغہ، خطبہ 92)
روایت 2: امام صادق (ع) فرماتے ہیں: ان قائمنا اذا قام، یحکم بحکم داود، لا یسئل البینة لیکن آج غیبت کے دور میں ہمیں بینہ اور تحقیق کا حکم ہے۔ (الکافی، ج1، ص 397)
روایت 3:حضرت فاطمہ زہرا (س) کا خطبہ فدکیہ، جہاد تبیین کی سب سے بڑی مثال ہے۔ جب ابوبکر نے فدک چھینا تو بی بی نے مسجد میں خطبہ دے کر قرآن سے استدلال کیا اور جھوٹے بیانیے کو باطل کیا۔ (احتجاج طبرسی، ج1، ص 134)
روایت 4:حضرت زینب کبری (س) نے یزید کے دربار میں فرمایا: فکد کیدک و اسع سعیک- یہی جہاد تبیین تھا۔ یزید کے میڈیا کے مقابلے میں حق کا میڈیا۔ (بحار الانوار، ج45، ص 135)
امام خامنہ ای کا نظریہ - علمی اقتدار
امام خامنہ ای اس آیت کو 4 زاویوں سے دیکھتے ہیں:
1- فاسق آج کون ہے
آپ فرماتے ہیں: آج فاسق صرف شرابی نہیں، بلکہ وہ نیوز چینل بھی فاسق ہے جو فلسطین میں 40 ہزار بچوں کے قتل کو نہیں دکھاتا لیکن ایک جھوٹے واقعے کو 100 بار دکھاتا ہے۔ (بیانات 2023، دیدار با بسیج)
2- تبیین کیوں واجب عینی ہے؟
آپ فرماتے ہیں: "چون فاسق مسلط شده بر افکار عمومی است، پس تبیین واجب عینی است۔" کیونکہ فاسق میڈیا افکار عامہ پر مسلط ہے، اس لیے سچ بیان کرنا ہر ایک پر واجب ہے، صرف علماء پر نہیں۔ (بیانات 11 نومبر 2021)
3- عورت اور جہاد تبیین
آپ فرماتے ہیں: "زن می تواند با حجاب کامل، مجاهد تبیین باشد۔" عورت حجاب میں رہ کر بہترین مجاہدہ تبیین بن سکتی ہے۔ اس کا قلم، اس کا کلاس روم، اس کا گھر، سب تبیین کا مرکز بن سکتا ہے۔ (بیانات یوم زن، 2023)
4- علمی اقتدار کی بحالی
آپ فرماتے ہیں: "ما باید روایت اول را خودمان بسازیم۔" ہمیں پہلی روایت خود بنانی چاہیے۔ اگر کربلا کی پہلی روایت یزید بنائے گا تو وہ جھوٹ ہوگی، اگر زینب بنائے گی تو سچ ہوگی۔ آج بھی پہلی خبر ہماری ہونی چاہیے، دشمن کی نہیں۔ یہی علمی اقتدار ہے۔
عملی تطبیق - ایک طالب کی ذمہ داری
1- سوشل میڈیا پر فتبینوا:* کوئی بھی حدیث، کوئی بھی خبر، بغیر حوالہ کے فارورڈ نہ کرے۔ پہلے الکافی، بحار، یا معتبر کتاب سے چیک کرے۔
2- کلاس میں جہاد تبیی: مغرب کہتا ہے حجاب قید ہے، آپ قرآن کی آیت ذلک ادنی ان یعرفن فلا یؤذین (احزاب/59) سے ثابت کریں کہ حجاب قید نہیں، پہچان ہے۔
3- گھر میں تبیین: بچوں و بتائیں کہ دشمن کی ہر خبر سچ نہیں۔ جیسے رسول اللہ (ص) نے ولید کی خبر پر فوراً جنگ نہیں کی، بلکہ تحقیق کی۔
نتیجہ
سورہ حجرات کی آیت 6، صرف ایک اخلاقی نصیحت نہیں، بلکہ ایک تمدنی قانون ہے۔ یہ قانون کہتا ہے:
1- ہر خبر سچ نہیں، خصوصا فاسق میڈیا کی خبر۔
2- بغیر تحقیق کے خبر پھیلانا حرام اور جہالت ہے۔
3- سچ کی تحقیق اور اسے بیان کرنا واجب ہے۔
جب تک ہم اس اصول پر عمل نہیں کریں گے، علمی اقتدار دشمن کے پاس رہے گا۔ اور جب ہم "فتبینوا" پر عمل کریں گے اور "جہاد تبیین" کریں گے، تو علمی اقتدار اسلام کے پاس واپس آ جائے گا۔
حوالہ جات
1- طباطبائی، المیزان، ج18
2- طبرسی، مجمع البیان، ج9
3- قمی، تفسیر القمی، ج2
4- فیض کاشانی، تفسیر الصافی، ج5
5- بحراني، تفسیر البرہان، ج5
6- جوادی آملی، تسنیم، ج25
7- کلینی، الکافی، ج2، باب الکذب
8- مجلسی، بحار الانوار، ج2، ج45، ج75
9- حر عاملی، وسائل الشیعہ، ج27
10- آمدی، غرر الحکم، ص 10231
11- طبری، جامع البیان
12- ابن کثیر، تفسیر القرآن
13- قرطبی، الجامع لاحکام القرآن
14- خامنہ ای، جہاد تبیین، دفتر حفظ و نشر، 1401ھ
15- بیانات 2021-2023، سائٹ http://Khamenei.ir










آپ کا تبصرہ