حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،وادیٔ کشمیر میں دخترِ رسول، خاتونِ جنت حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے ایامِ شہادت کی مناسبت سے امسال بھی انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر، شریعت آباد یوسف آباد بڈگام کے زیرِ اہتمام اور حجت الاسلام آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی کی سرپرستی میں وادی کے مختلف علاقوں میں مجالسِ عزا، مرثیہ خوانی اور متعدد دینی و سماجی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔

ان مجالس اور پروگراموں کا بنیادی مقصد سیرتِ طیبۂ حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کو اجاگر کرنے، تعلیماتِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج، معاشرے میں دینی و اخلاقی شعور کو فروغ دینے اور پیغامِ شہادتِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو عام کرنا تھا۔
ان مجالس اور پروگراموں میں انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ حجت الاسلام آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی کے علاوہ انجمن سے وابستہ دیگر جید علمائے کرام، حجۃ الاسلام مولانا عرفان اسحاق، حجۃ الاسلام آغا سید محسن، حجۃ الاسلام مولانا امجد علی اور حجۃ الاسلام مولانا ہلال حسین نے خطاب کیا۔ علمائے کرام نے اپنے علمی و تبلیغی بیانات کے ذریعے حاضرین کو سیرتِ فاطمی کے گراں قدر معارف سے روشناس کروایا۔

علمائے کرام نے اپنے خطابات میں حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی حیاتِ طیبہ کے مختلف تابناک پہلوؤں، فضائل و مناقب، مقام و منزلت، سیرت و طرزِ زندگی، صبر و استقامت، عبادت و بندگی اور دفاعِ حق و حقیقت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس امر پر خصوصی تاکید کی کہ سیرتِ زہرا سلام اللہ علیہا محض عقیدت و محبت کا موضوع نہیں، بلکہ انسانی زندگی کے ہر شعبے کے لیے ایک کامل نمونۂ عمل اور رہنمائے حیات ہے۔ بالخصوص عصرِ حاضر کے معاشرتی، اخلاقی اور خاندانی مسائل کے تناظر میں سیرتِ فاطمی سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔

ان مجالسِ عزا میں مؤمنین و مؤمنات نے بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی اور دخترِ رسول حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی بارگاہِ اقدس میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ شرکائے مجالس نے مجالسِ عزا کے ذریعے معارفِ اہل بیت علیہم السلام، اسلامی تعلیمات اور سیرتِ فاطمی سے بھی استفادہ کیا۔

انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی یہ مجالس اور دینی و سماجی پروگرام نہ صرف ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے اظہارِ عقیدت و سوگواری کا ذریعہ بنے، بلکہ ان کے ذریعے دینی بیداری، اخلاقی تربیت، اسلامی اقدار کے فروغ اور معاشرے میں تعلیماتِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام کی ترویج کا پیغام بھی عام ہوا۔











آپ کا تبصرہ