بدھ 18 نومبر 2026 - 23:56
آیت اللہ العظمی وحید خراسانی کی وفات امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے غم میں اضافے کاسبب

حوزہ/ محبانِ ام الائمہ علیہم السلام کے صدر مولانا سید مراد رضا رضوی اور جملہ خادمان نے اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی رحلت کو عالمِ تشیع کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، محبانِ ام الائمہ علیہم السلام کے صدر حجۃ الاسلام و المسلمین سید مراد رضا رضوی اور جملہ خادمان نے عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے سانحۂ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایک پُرسوز تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛

باسمہ تعالیٰ

شیخ مفید رحمت االلہ علیہ کی وفات حسرت آیات کے موقع پر یہ توقیع ناحیہ مقدسہ سے صادر ہوئی تھی جس کا تذکرہ مجالس المومنین میں شہید ثالث نے کیا ہے اور علامہ مجلسی نے بھی بحار الانوار میں اسے تحریر فرمایا ہے:

لا صوت الناعي بفقدك إنه

يوم على آل الرسول عظيم

إن كنت قد غيبت في جدث الثرى

فالعدل والتوحيد فيك مقيم

• موت کی خبر دینے والا تیرے فقدان کی خبر نہ دے اس لیے کہ آج کا دن آل محمد علیہم السلام کے لیےنہایت اندوهناک ہے اگرچہ تمہارا جسم پیوند خاک ہوگیا ،لیکن توحید و عدل آج بھی تیری ذات سے پائدار ہے۔

آج غریب زہراے مرضیہ وارث ملک وملکوت امام عصر ارواحنا فداہ شاید انہی اشعار کی زمزمہ خوانی کر رہے ہوں گے اس لیے کہ آج کا دن یقینا امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے لیے اندوہناک غمبار اور المناک ہے۔آج وہ دنیا سے رخصت ہوگیا جو عہد حاضر میں ستون فاطمیہ تھا جس کی ذات سےاحیاے امر آل محمد علیہم السلام کی لہر دوڑ رہی تھی ،جو اساطین خمسہ نجف اشرف کا نمائندہ کردار اور نہایت درجہ پارسا اور خاکسار تھا۔

مکتب تفکیک سے مکتب بو علی سینا یعنی مشاء اور رجل ہمدانی سب کے نظریات کوجس نے اچھی طرح ہضم کیا تھا۔سب سخنران ہیں لیکن وہ سخن ساز رھا۔جس نےفاطمیہ کو مجلس سے مکتب میں تبدیل کردیا اس لیے ہر سال ایک نئے عزم کے ساتھ ایک جدید لائحہ عمل کے ہمراہ فاطمیہ کو دنیاے کے سامنے روشناس کراتا تھا ۔ہاں!وہی جو بزبان امام عصر ارواحنا فداہ وحید خردو کے لقب سے نوازاگیا یعنی وہی فرد فرید اوحد وحید آیت اللہ العظمی شیخ حسین وحید خراسانی قدس سرہ الشریف کا سانحہ ارتحال وہ غیر مندمل زخم ہے جس کی بھر پائی ناممکن ہے۔

اللہ کی بارگاہ میں بس یہی شکوہ ہے کہ میرے مالک اب ہماری غربت وبیکسی پر رحم فرما ہم اس سال دوران غیبت میں تیرے عطا کردہ چراغوں سے محروم ہوتے چلے جا رہے ہیں ابھی امام خامنہ ای قدس سرہ کی شہادت کا زخم ہرا ہے کہ یہ نیا داغ مفارقت ہمارے لیے کمر شکن ہے اس لیے میرے مالک اس المناک فرقت کو غیبت کا آخری زخم قرار دے اور اپنی آخری حجت کو بھیج دے جو ان مصیبتوں میں سب سے زیادہ غمزہ ہے اس لیے تیرے اذن سے ہم سب سے پہلے ولی عصر منتقم خون زہراے مرضیہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور اس کے بعد تمام مراجع عظام،علماے کرام حوزات علمیہ قم مقدسہ ونجف اشرف بالخصوص ان کے قمرین منیرین آیت اللہ محسن وحید اور آیت اللہ اسماعیل وحید اور دیگر پسماندگان کی خدمت میں اس امید کے ساتھ تعزیت پیش کرتے ہیں کہ یہ مصیبت مولا کے ظہور میں تعجیل کا سبب قرار پاے آمین یا رب العالمین بحق آل طہ و یاسین

غم نصیب

سید مراد رضا رضوی

وجملہ خادمان محبان ام الائمہ علیہم السلام

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha