حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو/ صدر انجمن امامیہ بلتستان حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید باقر الحسینی نے عالمِ تشیع کے عظیم فقیہ، مرجعِ تقلید اور حوزہ علمیہ قم کے ممتاز استاد حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی قدسرۃ کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے عالمِ اسلام، بالخصوص مراجعِ عظام، حوزاتِ علمیہ، علمائے کرام، مرحوم کے خانوادے، شاگردوں اور عقیدت مندوں سے دلی تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی کی رحلت مکتبِ اہل بیتؑ، فقاہت و مرجعیت اور حوزاتِ علمیہ کے لیے ایک عظیم علمی و روحانی نقصان ہے۔ آپ کی گراں قدر علمی و تحقیقی خدمات، تدریسی کاوشیں، تربیتِ علماء اور معارفِ اہل بیتؑ، بالخصوص سیدہ فاطمۃ الزہراؑ اور سید الشہداء امام حسینؑ کی تعلیمات و فضائل کے فروغ کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے بارگاہِ حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف میں تعزیت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمتِ الٰہی میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے علمی و دینی آثار کو صدقۂ جاریہ قرار دے اور تمام پسماندگان و عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین










آپ کا تبصرہ