جمعہ 20 نومبر 2026 - 02:21
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت؛ عالمِ تشیع ایک عظیم فقیہ اور مربیِ علماء سے محروم ہوگیا: مولانا کوثر علی جعفری

حوزہ/ جموں و کشمیر مسلم پرسنل لا بورڈ کے کوآرڈینیٹر برائے صوبہ جموں، مولانا ڈاکٹر سید محمد کوثر علی جعفری نے آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمِ تشیع اور حوزاتِ علمیہ کے لیے عظیم علمی و دینی خسارہ قرار دیا اور پسماندگان و عقیدت مندوں سے تعزیت و تسلیت پیش کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں/ جموں و کشمیر مسلم پرسنل لا بورڈ کے کوآرڈینیٹر برائے صوبہ جموں، مولانا ڈاکٹر سید محمد کوثر علی جعفری نے مرجعِ عالی قدر، فقیہِ اہل بیت عصمت و طہارت حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رحمۃ اللہ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمِ تشیع، حوزاتِ علمیہ اور علمی و دینی حلقوں کے لیے عظیم نقصان قرار دیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا ڈاکٹر سید محمد کوثر علی جعفری نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی پوری زندگی علومِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت، فقہ و اصول کی تدریس، علماء و فضلاء کی تربیت اور دینی رہنمائی کے لیے وقف رہی۔ آپ کا علمی و دینی سرمایہ حوزاتِ علمیہ کے لیے ایک گراں قدر میراث ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ رہے گا۔

انہوں نے اس عظیم سانحے پر حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبرِ معظم، مراجعِ عظام، علمائے کرام، حوزاتِ علمیہ، بالخصوص مرحوم کے فرزند حجۃ الاسلام والمسلمین حسن وحید خراسانی اور تمام پسماندگان و عقیدت مندوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کی۔

مولانا جعفری نے اپنے پیغام کے اختتام پر بارگاہِ خداوندی میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں جوارِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام میں اعلیٰ درجات سے نوازے اور تمام سوگواران کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha