حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 20 نومبر 2026ء بروز جمعہ مرکزی جامع مسجد مہدیہ، جامعہ علمیہ امام حسن عسکری گھلواں، علی پور میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد زکاء الحسن (فاضل قم و پرنسپل جامعہ علمیہ امام حسن عسکری) کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔
اس موقع پر انہوں نے خطبۂ اول میں تقویٰ الٰہی کی اہمیت، اس کے مراتب، اقسام اور علامات پر روشنی ڈالی، جبکہ خطبۂ دوم میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی معرفت، آپ سلام اللہ علیہا کی رضایت و غضب اور مقام و منزلت کے حوالے سے احادیثِ نبویؐ کی تشریح و توضیح کی۔

مولانا محمد زکاء الحسن نے خطبۂ اول میں قرآن کریم کی آیت مبارکہ "يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنْ تَتَّقُوا اللَّهَ يَجْعَلْ لَكُمْ فُرْقَانًا" (اے ایمان والو! اگر تم اللہ کا تقویٰ اختیار کرو گے تو وہ تمہیں حق و باطل میں امتیاز کرنے کی صلاحیت عطا کرے گا) کی تفسیر و تشریح کرتے ہوئے تقویٰ کو انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت اور سعادتِ دنیا و آخرت کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

انہوں نے تقویٰ کے مختلف مراتب اور اقسام کی وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا کہ تقویٰ محض گناہوں سے اجتناب کا نام نہیں بلکہ انسان کے افکار، کردار، گفتار اور عملی زندگی کو احکامِ الٰہی کے تابع بنانے کا جامع تصور ہے۔ آیاتِ قرآنی اور روایاتِ اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں انہوں نے تقویٰ کے مراحل اور اس کی نمایاں علامات پر گفتگو کی اور واضح کیا کہ حقیقی متقی وہ ہے جو اپنی زندگی کے ہر شعبے میں رضائے الٰہی کو مقدم رکھے۔
انہوں نے مذکورہ آیت کی روشنی میں فرقان کی اہمیت بیان کرتے ہوئے تقویٰ کو حق و باطل کی پہچان، صحیح فیصلے کی صلاحیت اور فکری و عملی بصیرت کے حصول کا ذریعہ قرار دیا۔
خطبۂ دوم: مقامِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور معرفتِ فاطمہ (س) کی اہمیت
مولانا محمد زکاء الحسن نے خطبۂ دوم میں رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس حدیث مبارکہ "يَا فَاطِمَةُ، إِنَّ اللّٰهَ تَعَالَى لَيَغْضَبُ لِغَضَبِكِ، وَيَرْضَى لِرِضَاكِ" (اے فاطمہ! بے شک اللہ تعالیٰ آپ کے غضب پر غضبناک ہوتا ہے اور آپ کی رضا پر راضی ہوتا ہے) کی شرح و تفسیر بیان کی۔
انہوں نے غضبِ الٰہی کی مختلف اقسام اور اسباب پر روشنی ڈالتے ہوئے اس حدیث مبارکہ کے مفہوم کو واضح کیا اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبے کو بیان کیا۔ انہوں نے اس امر کی وضاحت کی کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس حدیث میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت، عصمت اور رضائے الٰہی کے ساتھ آپ سلام اللہ علیہا کے خصوصی تعلق کو بیان کیا گیا ہے۔

خطیب جمعہ نے مزید حدیث شریف "مَنْ عَرَفَ فَاطِمَةَ حَقَّ مَعْرِفَتِهَا فَقَدْ أَدْرَكَ لَيْلَةَ الْقَدْرِ۔" (جس نے حضرت فاطمہ(س) کی حقیقی معرفت حاصل کر لی، اس نے شبِ قدر کو پا لیا) کی تشریح کرتے ہوئے معرفتِ فاطمہ(س) کے حقیقی مفہوم پر گفتگو کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی معرفت صرف آپ سلام اللہ علیہا کی سیرت و فضائل سے آگاہی تک محدود نہیں بلکہ یہ معرفتِ دین، ولایت شناسی، امام شناسی اور اپنے دینی و شرعی فرائض کی پہچان کا نام ہے۔ اس اعتبار سے معرفتِ فاطمہ(س) انسان کو دین کی گہرائیوں، نظامِ ولایت اور امامت کے حقیقی تصور سے آشنا کرتی ہے۔
مولانا محمد زکاء الحسن نے خطاب کے دوران حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے غضبناک ہونے کی اہم وجوہات اور اس کے پس منظر پر بھی گفتگو کی۔ اس ضمن میں آپ سلام اللہ علیہا کے کردار، دینی موقف اور دفاعِ ولایت کی اہمیت کو موضوعِ بحث بنایا گیا۔
انہوں نے احادیثِ نبوی (ص) کی روشنی میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی معرفت کو ایک جامع دینی و اعتقادی ضرورت کے طور پر پیش کیا اور واضح کیا کہ سیرتِ فاطمی(س) سے حقیقی وابستگی کا تقاضا یہ ہے کہ انسان دین، ولایت اور امامت کے حوالے سے اپنے عقائد و اعمال کی اصلاح کرے۔











آپ کا تبصرہ