حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 16 اکتوبر 2026ء کو مرکزی جامع مسجد مہدیہ، جامعہ علمیہ امام حسن عسکری (ع)، گھلواں علی پور میں نمازِ جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد زکاء الحسن، فاضلِ قم اور پرنسپل جامعہ علمیہ امام حسن عسکری (ع) کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ خطبۂ جمعہ میں دینی و اخلاقی تربیت، تقویٰ الٰہی، برکاتِ زندگی اور سیرتِ اہل بیت علیہم السلام کے مختلف پہلوؤں کو موضوعِ گفتگو بنایا گیا۔
خطبۂ اول: تقویٰ الٰہی اور برکاتِ زندگی
پہلے خطبے میں حجت الاسلام والمسلمین محمد زکاء الحسن نے تقویٰ الٰہی کی اہمیت اور اس کے اثرات پر گفتگو کی۔ اس ضمن میں حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی دعائے مکارم الاخلاق کے اس جملے «وَوَفِّرْ مَلَكَتِي بِالْبَرَكَةِ فِيهِ» کی تشریح کو خصوصی طور پر موضوع بنایا گیا، جس میں زندگی اور صلاحیتوں کو برکت سے مالامال کرنے کی دعا کی گئی ہے۔

انہوں نے برکت کے مفہوم، اس کی مختلف اقسام اور انسانی زندگی میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ خطبے میں اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ برکت محض مال و دولت کی فراوانی تک محدود نہیں، بلکہ وقت، رزق، صحت، علم، گھریلو زندگی، معاشرتی تعلقات اور دینی و اخلاقی کردار میں خیر و نمو کا نام بھی ہے۔
خطیب جمعہ نے آیاتِ قرآنی اور روایاتِ اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں ان عوامل کا جائزہ لیا جن کے نتیجے میں کسی فرد، خاندان یا معاشرے کی زندگی میں برکات نازل ہوتی ہیں۔ اسی طرح ان اسباب کی بھی وضاحت کی گئی جن کے باعث انسان برکاتِ الٰہی سے محروم ہوسکتا ہے۔
خطبے کے اس حصے میں انفرادی زندگی، گھر اور معاشرے میں برکت کے موضوع کو دینی تعلیمات کے تناظر میں پیش کیا گیا تاکہ سامعین اپنی عملی زندگی کا جائزہ لیتے ہوئے ان اصولوں کو اختیار کریں جو خیر، طہارتِ کردار اور رضائے الٰہی کا ذریعہ بنتے ہیں۔

خطبۂ دوم: حضرت زینب کبریٰ (س) کی سیرت، بصیرت اور ایثار و فداکاری
حجت الاسلام والمسلمین محمد زکاء الحسن نے دوسرے خطبے میں عقیلۂ بنی ہاشم حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی سیرتِ مبارکہ، شخصیت، بصیرت، ایثار و فداکاری، فضائل اور کلامِ مبارک کو موضوعِ گفتگو قرار دیا۔
انہوں نے حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے ان کی سیرت کو دینی شعور، استقامت، صبر اور حق شناسی کے حوالے سے اہمیت کا حامل موضوع بنایا اور کہا: حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی زندگی اور کردار اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے وابستگی اور حق و حقیقت پر ثابت قدم رہنے کی روشن مثال ہیں۔
خطبے میں حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے ایثار و فداکاری اور بصیرت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ان کی سیرت سے رہنمائی حاصل کرنے کی اہمیت کو نمایاں کیا گیا۔ ان کی شخصیت کا مطالعہ بالخصوص نئی نسل کے لیے دینی اقدار، اخلاقی تربیت، ذمہ داری کے احساس اور مشکل حالات میں ثابت قدمی کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔











آپ کا تبصرہ