اتوار 22 نومبر 2026 - 14:09
ملتِ ایران اپنے ملک کو کمزور کرنے کے امریکی خواب کو کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہونے دے گی

حوزہ / حجت‌الاسلام والمسلمین روانبخش نے امریکہ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ملتِ ایران دشمن کو جمہوریہ اسلامی ایران کو کمزور کرنے کے اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گی اور اگر ایرانی بحری جہازوں پر حملہ کیا گیا تو ہم جوابی کارروائی میں مخالف فریق کے تیل کے کنوؤں اور آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنائیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی مشاورتی کونسل میں قم کے عوامی نمائندہ حجت‌الاسلام والمسلمین قاسم روانبخش نے قم شہر کے توحید چوک میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کے ساتھ جمہوریہ اسلامی ایران کے سابقہ تجربات کا ذکر کیا اور کہا: تجربے سے ثابت ہو چکا ہے کہ امریکہ کے وعدوں اور معاہدوں پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس ملک کے صدر نے مفاہمتی دستاویز پر دستخط کرنے کے بعد اسے بے وقعت قرار دیا اور اعلان کیا کہ اس معاہدے پر دستخط کرنے کا مقصد ایران کو دھوکا دینا تھا جبکہ اس مفاہمتی دستاویز کی شقوں پر بھی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا: امریکہ اب بھی ایران پر اپنے مطالبات مسلط کرنے کے درپے ہے۔ امریکہ کا مقصد ایک کمزور ایران کا قیام ہے لیکن ملتِ ایران کبھی بھی اسے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ہم نے کبھی امریکہ پر اعتماد نہیں کیا اور رہبر معظم انقلاب نے بھی اپنے بیان میں تأکید کی ہے کہ جو لوگ یہ تصور کرتے ہیں کہ امریکہ کے سیاسی ڈھانچے میں تبدیلیوں اور عہدوں کی تبدیلی سے ایران کے حوالے سے اس ملک کی پالیسی بدل جائے گی، وہ سخت غلط فہمی میں مبتلا ہیں۔

ملتِ ایران اپنے ملک کو کمزور کرنے کے امریکی خواب کو کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہونے دے گی

اسلامی مشاورتی کونسل میں قم کے عوامی نمائندہ نے قومی طاقت اور ملکی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر تأکید کرتے ہوئے کہا: رہبر معظم انقلاب نے ایک مضبوط سے مضبوط تر ایران کی جانب پیش قدمی کو ہی مکمل دفاعی طاقت تک پہنچنے کا واحد راستہ قرار دیا ہے۔ ہم ان سے یہ درخواست بھی کرتے ہیں کہ اگر وہ مناسب سمجھیں تو ملک کے جوہری نظریۂ دفاع پر نظرثانی کریں۔

انہوں نے جمہوریہ اسلامی ایران کی دفاعی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: آج ہم یورپ میں امریکہ کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ایرانی بحری جہاز بھی بحری محاصرے کو توڑنے کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ ان بحری جہازوں کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا ایران کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔

حجت‌الاسلام روانبخش نے خبردار کیا: اگر ہمارے ملک کے بحری جہازوں پر کوئی حملہ کیا گیا تو ہم چپ نہیں رہیں گے اور جوابی کارروائی میں مخالف فریق کے تمام تیل کے کنوؤں اور آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنائیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha