حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم کے امام جمعہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا ہے کہ دشمن نے ایران اور محورِ مقاومت کی طاقت کا درست اندازہ نہیں لگایا اور اپنی فوجی صلاحیتوں پر ضرورت سے زیادہ بھروسہ کیا۔ اس کی غلط فہمیوں نے اسے جنگ میں سنگین سیاسی اور فوجی مشکلات سے دوچار کر دیا۔
آیت اللہ اعرافی نے قم المقدسہ کی مسجد قدس میں نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ دشمن نے ایران کا جائزہ لیتے وقت صرف اپنے سیاسی اور سماجی نظریات کو سامنے رکھا اور اسلام، عاشوراء کی تعلیمات اور ایرانی قوم کی نفسیات کو سمجھنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے دشمن کی سات بڑی غلطیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلی غلطی ایران میں عوام کی موجودگی اور حمایت کا غلط اندازہ لگانا تھا۔ دشمن نے یہ سمجھا کہ اس کے حمایت یافتہ افراد اور مخالف گروہ ایران کے حالات تبدیل کر سکتے ہیں، لیکن وہ ایرانی عوام کی اکثریت کے مقابلے میں کوئی مؤثر کردار ادا نہ کر سکے۔ بیرون ملک مقیم ایرانیوں نے بھی دشمن کی توقعات کے برخلاف اپنے ملک کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے ایران میں نسلی اور لسانی اختلافات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، لیکن مختلف قومیتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے ایرانی عوام نے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ اسی طرح امریکہ نے اپنے یورپی اتحادیوں اور خطے کے بعض ممالک سے بھی بہت زیادہ امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں، لیکن وہ اس کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔
آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا کہ امریکہ نے چین اور روس کے بارے میں بھی غلط اندازہ لگایا تھا۔ اگرچہ ایران اپنی جدوجہد میں اللہ تعالیٰ پر بھروسا کرتا ہے، تاہم چین اور روس نے بھی امریکہ کے حق میں پیش کی گئی قرارداد کو ویٹو کیا اور اس کا ساتھ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے اپنے جدید جنگی سازوسامان، بڑے بحری جہازوں اور جدید طیاروں پر بہت زیادہ اعتماد کیا تھا، لیکن اس کی فوجی طاقت کے بارے میں اندازے بھی درست ثابت نہیں ہوئے۔ اس کے علاوہ امریکہ نے اسرائیل کی صلاحیتوں پر بھی ضرورت سے زیادہ بھروسہ کیا، جبکہ اسرائیل اسے مسلسل جنگ میں شامل ہونے پر آمادہ کر رہا تھا۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ دشمن کی ان غلطیوں کے ساتھ اپنی طاقت کا غلط اندازہ لگانا بھی اس کی ناکامی کا سبب بنا۔
عوام اور حکام کی ذمہ داریاں
قم کے امام جمعہ نے موجودہ حالات میں ایرانی عوام کو صبر و تحمل، میدان میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے، معاشی مسائل اور قیمتوں پر قابو پانے میں حکومت کا تعاون کرنے اور جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو میں حصہ لینے کی تاکید کی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کو جنگ کے بعد کے حالات اور ممکنہ آئندہ چیلنجوں کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔
انہوں نے حکام کی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت جاری رکھنا، ملک کے اندر موجود صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا، معیشت کو مضبوط بنانا، عوامی تعاون پر مبنی اقتصادی نظام قائم کرنا اور مذاکرات میں ہوشیاری سے کام لینا ضروری ہے۔ حکام کو ہر ممکن صورت حال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
اسلامی معاشرے کی بنیاد عزت ہے
آیت اللہ اعرافی نے اپنے پہلے خطبے میں اسلامی معاشرے کی بنیادی خصوصیت عزت و سربلندی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک مومن اور اسلامی معاشرے کی شناخت عزت، شرافت اور خودداری سے ہوتی ہے۔ قرآن کریم کے مطابق حقیقی عزت اللہ تعالیٰ کے پاس ہے اور رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل ایمان بھی اسی عزت کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عزت پیدا کرنے کے تین بنیادی ارکان ہیں: پہلا صحیح فکر اور خود اعتمادی، دوسرا مضبوط ارادہ اور پختہ عزم، اور تیسرا ان نظریات کو عملی زندگی میں نافذ کرنا۔ جب یہ تینوں خصوصیات کسی معاشرے میں پیدا ہوتی ہیں تو وہ علمی، فوجی، ثقافتی، سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں مضبوط بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی گزشتہ دو سو سالہ تاریخ میں بعض حکمرانوں کی غداری اور کمزوری کے باعث ملک کی عزت کو نقصان پہنچا۔ پہلی اور دوسری عالمی جنگ کے دوران ایران نے غیر جانب داری کا اعلان کیا، لیکن اس کے باوجود بیرونی طاقتوں نے ملک پر حملے کیے۔
آیت اللہ اعرافی نے آخر میں کہا کہ انقلاب اسلامی نے ایرانی قوم کی کھوئی ہوئی عزت کو بحال کیا اور عالمی حالات میں ایران کو مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا۔ آج قوم کو اتحاد، قیادت کی پیروی، جدوجہد اور ترقی کے ذریعے اس عزت کی حفاظت کرنی چاہیے۔










آپ کا تبصرہ