حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عالمی سامراج سے مقابلے کے قومی دن کی مناسبت عظيم الشان ریلیوں کا اہتمام کیا گيا ۔ ایرانی فضا ایک بار پھر امریکہ مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ۔ طلباء و طالبات نے امریکہ مذاکرات کو ممنوع قراردیتے ہوئےکہا کہ بڑے شیطان کے ساتھ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ ایران میں امریکا کے سابق سفارتخانے کی عمارت کے سامنے جلوس میں شامل طلباء و طالبات نے امریکی پرچم کو نذر آتش کیا اور امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا کر اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی تاریخ میں 13 آبان کو تین اہم واقعات رونما ہوئے۔ 13 آبان 1343 ہجری شمسی کو امام خمینی کو ترکی کی جانب ملک بدر کیا گیا تھا، 13 آبان 1357 ہجری شمسی کو شاہی حکومت نے طلبہ کا قتل عام کیا تھا اور 13 آبان کو ایران کے انقلابی طلبہ نے جاسوسی کے اڈے میں تبدیل ہوچکے امریکا کے سفارتخانے کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔
واضح رہے کہ40 سال قبل 13 آبان مطابق 4 نومبر کو ایران کے انقلابی طلبہ نے جاسوسی کے اڈے میں تبدیل ہو چکے امریکی سفارتخانے پر قبضہ کر لیا تھا۔ ایران میں اسلامی انقلاب کے دوران اور اس کی کامیابی کے بعد تہران میں امریکی سفارتخانہ مسلسل اسلامی انقلاب کے خلاف سازشیں کر رہا تھا۔