حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں عوامی بیداری کے بعد موجودہ صورت حال پر بیان جاری کرتے ہوئے ادیب الھندی میموریل سوسائٹی کے صدر مصطفیٰ علی خان نے کہا کہ امریکہ اپنے ظالم، جابر اور ستمگر چہرے پر انسانی حقوق اور انسانی اقدار کا ماسک لگا کر دنیا کے دوسرے ممالک خصوصا اسلامی ممالک پر انسانیت دشمنی کا الزام لگاتا ہے اور ان پر حملہ آور ہوتا ہے ۔ انسانی حقوق کی پاسداری کا نعرہ لگاتا ہے لیکن موجودہ دور میں جب ظلم و ستم سے تھک کر امریکی عوام نے اپنی بیداری کا ثبوت پیش کیا تو اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ گیا۔
مولانا مصطفیٰ علی خان نے کہا کہ اب دوسرے ممالک کو بھی عبرت لینا چاہئیے کہ جو خود اپنی عوام کا نہیں وہ دوسروں کا خیر خواہ کیسے ہو سکتا ہے؟ اسلام کی مخالفت کرنے والے امریکہ کو جان لینا چاہئیے کہ آج سے چودہ سو برس پہلے رسول اکرم صلی الله عليه وآله اور انکے وصی امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام نے انسانی حقوق کا صرف نعرہ نہیں دیا بلکہ اس کے عملی نمونے پیش کئے، چودہ صدی پہلے ان دو حکومتوں میں بلا تفریق مذہب و ملت نہ کوی بھوکا تھا اور نہ ہی کسی پر ظلم ہوا۔
صدر ادیب الھندی میموریل سوسائٹی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ امریکہ اور اس جیسے ظالم و ستمگر ہمیشہ اپنے ظلم کے سبب تباہ ہوئے،جس طرح ایران کی مظلوم عوام نے ٢٥٠٠ سالہ قدیم ظالم شہانشاہیت کا تختہ الٹ دیا اسی طرح انشاء اللہ یہ ظالم حکومت بھی تباہ ہو گی۔