۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
سیمینار

حوزہ/مقریریں کا کہنا تھا کہ امام خمینی (رہ) نے اپنی بے لوث و پرخلوص قیادت کے بل پر امریکہ ، روس اور دیگر عالمی طاقتوں کے اثر و رسوخ کو ختم کرکے اسلامی معاشرے کو پاک و صاف کرانے کی جدوجہد آخری دم تک جاری رکھی، جس سے سرزمین ایران کے کلمہ گو نوجوان اور بزرگ مع خواتین جن کے سینوں میں جوش وخروش اور انقلابی لہر موجزن تھی ‘ عیش وآرام چھوڑ کر سڑکوں پر نکل آئے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان ڈویژن سکھر کی جانب سے امام خمینی رح کی برسی کے مناسبت سے مدرسہ جامعہ مصباح الھدای آر ڈی 159صالح پٹ ضلع سکھر میں عظیم الشان سیمینار منعقد کیا گیا،جس کی صدارت مرکزی جنرل سیکریٹری شہزاد رضا نے جب کہ خصوصی خطاب حجتہ السلام مولانا علی داد بھنبھرو، دانشور معظم محمد عالم ساجدی، دانشور معظم میر خان حیدری، مرکزی رہنما قمرعباس غدیری نے کیا۔ اس موقع پہ ڈویژن صدر تراب علی طاہری، فرحت علی فردوسی، بیگ علی جعفری، منصور علی و دیگر رہنماوں سمیت کثیر مومنین نے شرکت کی، سیمینار میں کرونا وائرس کی وجہ سے گورنمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پہ مکمل عمل کیا گیا۔

سیمینار میں حجتہ السلام مولانا علی داد بھنبرو سمیت دیگرمقررین کا کہنا تھا کہ امام خمینی(رہ) ایک ایسے عظیم انقلاب کے موجد و بانی تھے جس نے شہنشاہوں کے2500سالہ اقتدار کا یکسر خاتمہ کیا ۔ انہوں نے اپنی بے لوث و پرخلوص قیادت کے بل پر امریکہ ، روس اور دیگر عالمی طاقتوں کے اثر و رسوخ کو ختم کرکے اسلامی معاشرے کو پاک و صاف کرانے کی جدوجہد آخری دم تک جاری رکھی، جس سے سرزمین ایران کے کلمہ گو نوجوان اور بزرگ مع خواتین جن کے سینوں میں جوش وخروش اور انقلابی لہر موجزن تھی ‘ عیش وآرام چھوڑ کر سڑکوں پر نکل آئے ۔ انہوں نے شاہی لوازمات ٹھکرائے ،امام خمینی(رہ) کے فرمان کو دلوں سے لگائے ،سلطنتی نظام کے خاتمے اور اسلامی حکومت کے قیام کا نعرہ بلند کیا ۔ الغرض پرخلوص اور دیانتدارانہ قیادت کے زیر اثرخوابیدہ قوم کواسلامی انقلاب کے طلوع کی خوش خبری سننے کو ملی ۔


دانشور معظم محمد عالم ساجدی، قمر عباس غدیری نے کہا کہ امام خمینی (رہ) کو ابتداء ہی سے اس بات کا احساس تھا کہ دنیا کے ایک ارب سے زیادہ مسلمانوں کی نمائندگی کرنے دو عظیم طاقتوں کے سیاسی ونظریاتی حملوں کا مقابلہ کرنے اور اسلامی مقاصد کے دفاع وتحفظ کے لئے ایرانی جیالوں کو صف اوّل میں کھڑا ہونا ہے ۔ دنیا والوں پر یہ حقیقت آشکار ہوگی کہ امام کی بے لوث اور بروقت رہنمائی میں امت نے تمام رکیک حملوں کا مقابلہ کیا ۔
امام خمینی(رہ) نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں فرمایا تھا :” یہ اسلامی تحریک کسی شخص پر قائم نہیں ہے ۔ میں آپ کے درمیان رہوں یا نہ رہوں مگر یاد رکھو کہ اتحاد ویگانگت کی ڈگر سے وابستہ تحریکی سفر جاری رکھ کے ہی آپ کو منزل ملے گی “۔اس وقت اسلامی دنیا امام خمینی(رہ) کے بوئے ہوئے تحریکی پودے کو تناوردرخت کی صورت میں دیکھ رہی ہے ۔ بلاشبہ امام خمینی (رہ)کا انقلابی مشن اور ان کا لازوال پیغام آبندہ نسلوں کے لئے بھی مفید اور تعمیری ثابت ہوگا کیونکہ امام انقلاب(رہ) نے آ ج کے انسان کو یہ سبق دیا ہے کہ سیاسی ، اقتصادی اور ثقافتی قوتوں کے سامنے جھکنا ذلت ورسوائی کے مترادف ہوگا ۔
مرکزی جنرل سیکریٹری شہزاد رضا نے صدارتی خطاب میں امام خمینی کی وصیت پہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ااسلامی ممالک کے غیور عوام سے امام خمینی رح کی وصیت ہے کہ آپ اس انتظار میں نہ رہیں کہ کوئی باہر سے آ کر اسلامی احکامات کے مفاد کے سلسلے میں آپ کے مقاصد میں کسی طرح کی مدد کرے ۔ آپ خود اس حیات بخش عمل کے لئے جو آزادی کو اپنے ہمراہ لاتا ہے اقدام کیجئے‘ اسلامی ممالک کے علماءاعلام اور خطبائے کرام کا فریضہ ہے کہ وہ حکومتوں کی بڑی طاقتوں کی غلامی سے آزاد ہونے اور اپنی قوم سے مفاہمت کرنے کی دعوت دیں۔


امام خمینی(رہ) نے زمانے کو بتا دیا کہ کس طرح سے خدائے برتر وبزرگ پر بھروسہ کرکے دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت سے ٹکرایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے یہ بات ذہن نشین کرائی کہ جب بھی علم ودولت کا مقابلہ ہوگا ہمیشہ دولت کو احساس کمتری میں مبتلا ہونا پڑے گا اور علم کا ہرحالت میں بول بالا ہوگا۔ مرحوم کی ساری زندگی مجاہدہ حق میں گزری ۔ نیز انہوں نے اپنے زمانے میں دنیا کو سلیقہ جہاد سکھایا ۔ ان کی بابرکت شخصیت میں ایسی جاذبیت اور کشش تھی جس کی تابناکی کو ہزار پروپیگنڈے ماند نہ کرسکے ۔ ان کی خداداد مقبولیت کو ختم کرنے کے لئے مغربی طاقتوں نے امریکہ کی سرکردگی میں ایڑی چوٹی کا زورلگایا لیکن کامیابی نہیں ملی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .