۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
طلاب  قم

حوزہ/برصغیر کی معروف علمی شخصیت، مذہبی اسکالر ، خطیب، شاعر ، مؤرخ مفسر اور شیعہ فلسفی حضرت علامہ طالب جوہری رضوان اللہ تعالی علیہ اپنی عمر کی ۸۱ بہاریں گذارنے کے بعد ۲۱جون ۲۰۲۰ بمطابق ۲۰ شوال ۱۴۴۱ھ.ق. بروز پیر ملت تشیع کو داغ مفارقت دے گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حوزہ علمیہ قم میں  مقیم و زیر تحصیل ہندوستانی علماء و طلاب کرام کی طرف سے خطیب علامہ طالب جوہری مرحوم کے انتقال ہر تعزیت پیش کی گئی ہے۔

اراکین والقلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر ٹرسٹ مبارکپور: 

آہ! افلاک خطابت کا آفتاب غروب ہوگیا 
والقلم ایجوکیشنل ویلفیئر، مبارک پور، اعظم گڑھ
إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ ثُلِمَ فِي الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا يَسُدُّهَا شَيْءٌ إِلَى يَوْمِ الْقِيَامَةِ.

آج پھر ایک مبلغ اسلام و محافظ اسلام امّت اسلامیہ کو اپنے بے بہا بیانات اور خیالات سے محروم کر گیا، آج امّت اہل عزا کو عزاداری کا شعور اور معرفت دینے والے کے غم میں عزادار ہے. دنیاء علم و ادب،تفسیر و تفکیر اور فن خطابت کا عظیم شاہکار کہ جس کی خطابت زیور آیات قرآنی اور روایات اہلبیت علیہم السلام سے آراستہ و پیراستہ ہوتی تھی امت محروم ہوگئ. 
ہمارے درمیان سے شہنشاہ خطابت ذاکر اہلبیت علامہ طالب جوہری طاب ثراہ مرحوم کا دار بقا کی طرف کوچ کر جانا ایک ناقابل برداشت غم ہے کہ جس میں پورا مکتب جعفریہ سوگوار ہے. موصوف کی ذات حقیقتا اس جملہ کی ترجمانی ہے کہ موت اُس کی ہے کرے جس پہ زمانہ افسوس. 
ہم اراکین والقلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر ٹرسٹ مبارکپور مرحوم کے اھل خانہ اور علماء و طلاب کرام و مراجع عظام خصوصا حضرت ولی عصر عج کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں اور مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا گو ہیں ۔

مولانا سید جاوید عباس مصطفوی ہندوستان مقیم قم ایران:

بسمه تعالى

إنا لله و انا اليه راجعون

برصغیر (ہندوستان پاکستان) بلکہ جہان تشیع کا ایک بڑا نقصان، مفسر قرآن، علامہ طالب جوہری صاحب مرحوم کی صورت میں ہوا جو ناقابلِ تلافی  کے ساتھ ناقابلِ برداشت بھی ہے آنکھیں اشک بار اور  کیفیت دل ناقابل بیان ہے۔
انسیت کا سبب خوش کن موضوعات،  دل نشیں، معرکۃالآرا  بیانات (جس نے ہر ایک خانہ دل میں جگہ کی) اور استاذ الاساتذہ علامہ تقی الحیدری مرحوم سے انکے سلسلہ میں سنے گئے ظریف  واقعات ہیں۔
ہم اور پاکستان میں موجود ہمارا خانوادہ(محمد حسن ابن سید ابو جعفر  فردوس کالونی و منتخب عباس ابن عوض عباس۔ درخشاں سوسائٹی ملیر) جوہری خانوادہ کی خدمت میں اس عظیم سانحہ پُر ملال  پر تعزیت  پیش کرتے ہیں خدا مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے 
                       سید جاوید عباس
                        مصطفوی  ہندوستان                                 
                          مقیم قم ایران

مولانا حسن اصغر شبیب

آه ...۔۔عالم خطابت کا وہ عدیم المثال خطیب نہ رہا جس کی خطابت قرآنی آیات کا آئینہ اور حقانیت کی عکاسی تھی۔
منبر اہل بیت کا وہ لا جواب و خوش زبان ذاکر خاموش ہو گیا جس کی سخنوری کا طرز اسلوب خطباء کے لئے مشعل راہ بن گیا۔
جس بی مثال ہستی نے دنیائے اسلام کو معیت قرآن صامت و قرآن ناطق کی حقیقت سے باخبر کیا۔

جس بی نظیر شخصیت نے اپنی پوری زندگی معارف محمد و آل محمد ع کی تبلیغ و نشر و اشاعت کے لئے وقف کرکے مجھ جیسے حقیر کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔
آہ۔۔۔۔۔مفسر قرآن، عالم با عمل، خطیب بی بدل علامہ طالب جوہری اعلی اللہ مقامہ کی رحلت سے ہر ایک غمزدہ ہے، قلوب رنجیدہ  اور آنکھیں نم ہیں۔

اس عظیم مصیبت پہ تعزیت و تسلیت عرض ہے اور دعا کرتے ہیں کہ پروردگار عالم بحق محمد و آل محمد ع انکی دینی خدمات و زحمات کو ہم نشینی جوار اہل بیت ع کا صلہ قرار دے۔۔۔۔آمین یا رب العالمین
حسن اصغر شبیب

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .