حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے بیانیہ صادر کر کے سعودی عرب کے روزنامہ "الشرق الاوسط" کی جانب سے شیعہ مرجع تقلید آیت اللہ سید علی سیستانی کی توہین کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔
حزب اللہ لبنان نے اپنے اس بیان میں ذکر کیا ہے کہ مسلمانوں کے نزدیک آیت اللہ سید علی سیستانی کا مقام بہت بلند ہے۔ انہوں نے عراق میں امن و امان اور اتحاد و وحدت کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جہاد کے واجب ہونے کے متعلق آپ کی تاریخی فتویٰ نے عراق کی آزادی میں بنیادی کردار ادا کیا۔
حزب اللہ لبنان نے اپنے بیانیہ میں لکھا: یہ روزنامہ اس قدر پستی میں گر چکا ہے کہ اس نے دنیائے عرب اور اسلام کے اہم ترین دینی مرجع تقلید کی توہین کی ہے۔ لیکن اس توہین میں ملوث افراد کو معلوم ہونا چاہیے کہ کوئی بھی آیت اللہ سید علی سیستانی کی عظمت اور عراق میں ان کے تاریخی اور عظیم کردار کو فراموش نہیں کر سکتا۔
حزب اللہ لبنان نے روزنامہ "الشرق الاوسط" کے پس پردہ کام کرنے والوں کو امریکہ اور اسرائیل کا آلہ کار قرار دیتے ہوئے کہا: اس روزنامہ کی یہ حرکت مسلمانوں میں فتنہ انگیزی اور اختلافات ایجاد کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔
حزب اللہ لبنان نے ملت عراق کو وحدت و یکجہتی سے عراق کی آزادی اور استقلال کے لیے جدوجہد کرنے کی طرف دعوت دی۔
یاد رہے کہ سعودی روزنامہ "الشرق الاوسط" نے گزشتہ جمعہ کو آیت اللہ سید علی سیستانی کی توہین آمیز کارٹون شائع کر کے ان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ عراق کی حاکمیت کے لئے بہت بڑا خطرہ ہیں۔