حوز نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے عالمی ماحول میں، امریکہ کو کثیر قطبی دنیا میں کام کرنے کا فن سیکھنے کی ضرورت ہے۔
ایس جے شنکر نے یو ایس انڈیا بزنس کونسل کی سالانہ کانفرنس میں کہا کہ امریکہ کو اب ان اتحادوں سے آگے بڑھنا ہوگا جس کے ساتھ وہ گذشتہ دو نسلوں کے ساتھ ہے اور اسے ایسی دنیا میں کام کرنے کا فن سیکھنا چاہیئے جو کثیر قطبی اور کثیرالجہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کو زیر التواء پڑے تجارتی مسائل کو حل کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر سوچنے کی ضرورت ہے۔ایس جے شنکر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہوگا اور ہمیں زیر التواء معاملات کو حل کرنا ہوگا اور بڑے اہداف پر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں معاشی تعلقات کی اہمیت کو سمجھتا ہوں۔ یہ ہماری روزی روٹی کے مسائل ہیں اور ممالک کے مابین باہمی تعلقات کی اصل وجہ ہیں، لیکن ساتھ ہی میں یہ بھی مانتا ہوں کہ ہندوستان اور امریکہ کو اس سے آگے سوچنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کو ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ایس جے شنکر نے یہ باتیں ایک ایسے وقت میں کہی ہیں جب پوری دنیا کورونا وائرس کی وباء کی لپیٹ میں ہے اور ہندوستان چین سرحد پر طویل مدتی تناؤ جاری ہے۔ ایس جے شنکر نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ ہندوستان کبھی بھی کسی دھڑے کا حصہ نہیں بنے گا۔