حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی ہے، جس میں ملکی سلامتی اور اسٹریٹیجک امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ایل او سی، پاک افغان بارڈر اور داخلی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں افغان مفاہمتی عمل میں پیشرفت کے امور بھی زیر بحث آئے اور افغان گروپس کے درمیان جلد مذاکرات شروع ہونے کی امید کا اظہار کیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں کورونا اور ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے سول انتظامیہ سے تعاون پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ کورونا کی روک تھام کے لیے گائیڈلائنز کو یقینی بنایا جائے اور محرم میں عوام کی سیکیورٹی، تحفظ کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاروں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سندھ اور بلوچستان میں سیلاب پر فوجی دستوں کی امدادی کار روائیوں کی تعریف بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہرممکن احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
آپ کا تبصرہ