قومی مُحرم کمیٹی پشاور نے عشرہ محرم الحرام میں عزاداری سید الشہداء (ع) وبائی صورتحال کے پیش نظر ایس او پیز کے مطابق بھرپور طریقے سے برپاء کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مختلف اقدامات کے لئے ذیلی کمیٹاں تشکیل دی ہیں۔
اس امر کا اعلان امام بارگاہ عادل بیگ کوچہ رسالدار میں منعقدہ ایک اہم قومی اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت قومی مُحرم کمیٹی کے سربراہ آخونزادہ مجاہد علی اکبر نے کی۔ اجلاس کے مہمانان خصوصی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ اور علامہ سید ذکی الحسن تھے۔ اجلاس میں متولیان و منتظمینِ امام بارگاہ، بانیانِ مجالس و نشانِ منت، قومی ملی تنظیموں کے رہنماؤں اور زعماء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے محرم الحرام میں مجالس عزاء و جلوس ہائے عزاء کے پرامن او بہتر انعقاد کے لئے قومی محرم کمیٹی کی کارکردگی پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آمدہ مُحرم تا ربیع الاول کے تمام تر انتظامات کیلئے اسٹیک ہولڈرز، متولیان اور انتظامیہ کے درمیان پُل کا کردار ادا کرنے کا اختیار بھی سونپا۔
قومی مُحرم کمیٹی نے کرونا سے بچاو کیلئے امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں کیلئے حفاظتی تدابیر سے شرکاء اجلاس کو تفصیلاً آگاہ کیا اور اس کے موثر نفاذ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین جن میں شاہد امداد بیگ، تعزیہ دار کونسل کے صدر اور امام بارگاہ آخوند آباد کے متولی خورشید علی آخونزادہ، سید اظہر علی شاہ جعفری، وقار حیدر، سلامت علی جعفری، آخونزادہ مجاہد علی اکبر، زاہد علی آخونزادہ، علامہ سید ذکی الحسن، سید مرتضیٰ عباس رضوی، سید اللہ داد جعفری، علی عرفان میر، سید ابرار جعفری اور دیگر شامل تھے، نے کہا کہ مُحرم الحرام اہل اسلام کو حق کی معرفت اور باطل کرداروں کی پہچان کا درس دیتا ہے اور عوام میں یہی شعور آگہی بیدار کرنا اس ماہ مبارکہ سے کما حقہ استفادہ کرنے کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امام بارگاہوں کے متولیان عزاداری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لئے ان کے ذمہ دارانہ کردار عزاداری کے نیک مقاصد حاصل کرنے کے لئے ناگزیر ہیں۔ اگر ایسا نہ ہو تو تبلیغِ پیغام حسینیت کو زک پہنچنے کا خطرہ ہے، اسی لئے قومی محرم کمیٹی عزاداری کے بنیادی اسٹیک ہولڈرز کے مسائل کے حل اور ان حسینی مراکز کی علمی و درسگاہی استعداد بڑھانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ اپنے منبروں سے اہل اسلام کو متحد کر کے خدا و رسول اور آل محمد ع کی خوشنودی حاصل کی جا سکے۔ اجلاس میں آمدہ مُحرم الحرام کے بہترین انعقاد کیلئے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ باہمی روابط کو فروغ دے کر اس ماہ کی عبادات کو برگزار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔