۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
سر زمین قم المقدسہ پر عشرہ مجالس کا انعقاد

حوزہ/ سر زمین قم المقدسہ میں مجمع علماء و طلاب ہندوستان کی جانب سے حسینہ امام صادق علیہ السلام میں یکم محرم سے ۱۲ محرم الحرام تک عشره مجالس کا انعقاد کیا گیا، جس کو حجت الاسلام والمسلمین عالیجناب مولانا سید رضا حیدر زیدی نے خطاب فرمایا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سر زمین قم المقدسہ میں مجمع علماء و طلاب ہندوستان کی جانب سے حسینہ امام صادق علیہ السلام میں یکم محرم سے ۱۲ محرم الحرام تک عشره مجالس کا انعقاد کیا گیا، جس کو حجت الاسلام والمسلمین عالیجناب مولانا سید رضا حیدر زیدی نے خطاب فرمایا۔

مولانا نے "شرح خطبہ منی" کے عنوان سے بصیرت افروز مجالس کو خطاب کیا اور ساتھ ہی یہ بھی بیان فرمایا کہ سرکار سید الشھداء کا یہ خطبہ عالم انسانیت کے لئے ایک عظیم پیغام ہے اور مولا کا یہ نورانی کلام دور حاضر کے لئے بہترین نمونہ عمل اور طرز زندگی ہے۔

مجمع علماء و طلاب ہندوستان کے سکریٹری مولانا سید شکیل عباس نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عشره محرم منعقد کیا گیا،انہوں نے بتایا اس مرکزی عشرہ میں محکمہ صحت کی طرف سے دی گئی ہدایات کا خاص خیال رکھا گیا اور شرکاء ماسک اور سنیٹائزر کی رعایت کے ساتھ حاضر ہوئے۔

واضح رہے کہ قم المقدسہ میں موجود تمام انجمنوں کے درمیان مجمع علماء و طلاب ہندوستان نمایاں حیثیت کی حامل ہے اور یہ سرزمین قم کے طلاب ہندوستان کی سب سے قدیمی انجمنوں میں سے ایک ہے جس نے اپنی ابتدا سے ہی طلاب ہندوستان کی فعال نمائندگی کرتے ہوئے بے شمار خدمات انجام دی ہیں جنمیں سے عزاء سید الشہداء(ع) کا انعقاد سب سے بڑا کارنامہ اور ناچیز کوشش ہے۔مجمع علماء و طلاب ہندوستان کو علماء و طلاب کی حمایت حاصل ہونے کے ساتھ ہی تمام انجمنیں اور گروہ و تشکلات اسکی فعالیت میں بڑھ چڑھکر حصہ لیتی ہیں اور سبھی اسمیں دام درم شریک رہتے ہیں پروردگار تمام خادمان قوم و ملت اور حامیان دین مبین اسلام کی توفیقات میں اضافہ فرمائے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .