حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر روحانی نے سنیچر کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے نام اپنے ایک پیغام میں ازمیر کے زلزلے اور اس میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ کے لئے صبرو تحمل اور زخمیوں کے لئے جلد صحتیابی کی دعا کی ۔
صدر حسن روحانی نے زلزلے سے متاثرہ علاقے کے عوام کے لئے ہرطرح کی طبی امداد اور دیگر امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ متاثرہ علاقے کے حالات جلد سے جلد بحال ہو جائیں گے۔
مغربی ترکی کے علاقے ازمیر میں جمعے کو زلزلے کے کئی شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جن میں ایک کی شدت چھے اعشاریہ چھے تھی جس کے نتیجے میں علاقے کے رہائشی مکانات کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق زلزلے میں اب تک چھبیس افراد ہلاک جبکہ سات سو ننانوے زخمی ہوئے ہیں۔