۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
لاہور،مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی ریلی

حوزہ/ ریلی میں مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی ریلی میں شریک طلبہ نے پیغمبر اسلام کی گستاخی کرنے والے شر پسندوں اور امن دشمنوں کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی امن کو تباہ کرنے والے ایسے عناصر کے خلاف بین الاقوامی قوانین کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف ماڈل ٹاون سے اکبر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی ریلی میں شریک طلبہ نے پیغمبر اسلام کی گستاخی کرنے والے شر پسندوں اور امن دشمنوں کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی امن کو تباہ کرنے والے ایسے عناصر کے خلاف بین الاقوامی قوانین کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ طلباء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سیدی مرشدی یانبیﷺ یانبیﷺ، غلام ہیں غلام ہیں رسول کے غلام ہیں، کے نعرے درج تھے۔ طلبا نے بلند آواز میں درود پاک پڑھ کر محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ سے اظہار محبت وعقیدت کیا۔

ریلی کی صدارت مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چودھری عرفان یوسف نے کی۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے طلباء رہنما شیخ فرحان عزیز، سید فراز ہاشمی، عثمان گجر، سعد مصطفوی، عمیر شبیر دیو، بلال بٹ، سردار فہد مصطفوی سمیت دیگر طلباء رہنماوں نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چودھری عرفان یوسف نے کہا کہ حضور نبی آخرالزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر امن و سلامتی اور رحمت اللعالمین ہیں، انہوں نے انسانیت کو اخوت، محبت، اعتدال اور رواداری کی تعلیم دی۔ دنیا کے تمام مذاہب میں پیغمبران خدا کی اہانت ایک جرم اور گناہ ہے۔ چودھری عرفان یوسف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ آزادی اظہار کا حق مشروط اور ذمہ دارانہ رویہ کا متقاضی ہے، آزادی اظہار کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ کسی کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گستاخانے خاکے شائع کرنیوالے اور اس مذموم عمل کی اجازت دینے والوں نے مسلمانوں کی کھلی دل آزاری کی، دنیا کے کسی ملک کا آئین مذہبی توہین کو آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں لاتا، یہ رویہ انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے اس رویہ سے بین المذاہب تصادم کی فضا ہموار ہوگی اور دنیا کا امن خطرے میں پڑ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی اپنے پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا متبادل کوئی عبادت نہیں، اس لیے پوری دنیا اور بالخصوص فرانس میں شائع گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر کسی مصلحت سے کام نہیں لیا جائے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .