۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا سید شاہد جمال رضوی 

حوزہ/ مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق صاحب قبلہ ایسے ہی عالم با عمل تھے جن کے فقدان پر آج پوری ملت گریہ کناں ہے اور ہر شخص اپنی جگہ پر احساس یتیمی کررہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدیر شعور ولایت فاؤنڈیشن،حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید شاہد جمال رضوی نے حکیم امت مولانا ڈاکٹر کلب صادق طاب ثراہ کی خبر رحلت پر افسوس کرتے ہوئے تعزیت نامہ کی شکل میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

تعزیت نامہ کا مکمل متن اس طرح ہے؛

پیغام تعزیت

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمنِ الرَّحيم
مِنَ الْمُؤْمِنينَ رِجالٌ صَدَقُوا ما عاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضى‏ نَحْبَه

موت انسان کی پیشانی سے بندھی ہوئی ہے ، زندگی کے جتنے لمحات گزرتے ہیں فرزند آدم موت سے اتنا ہی قریب ہوتاہے ، مگر مرنے والوں میں بھی زمین و آسمان کا فرق ہوتاہے ، عام انسانوں کی موت دیوار اسلام میں شگاف نہیں ڈالتی ، ان کی موت عالم کی موت نہیں ہوتی ۔ حد یہ ہے کہ عابد و زاہد و متقی کی موت کا بھی یہ اثر نہیں ہوتا لیکن جب عالم مرتاہے تو دیوار اسلام میں ایسا شگاف پڑجاتا ہے جسے کوئی بھی چیز بھر نہیں سکتی ،در حقیقت اس کی موت عالم کی موت ہوتی ہے ۔اس کے مرنے پر ایک دو لوگ نہیں بلکہ پوری قوم گریہ و بکا کرتی ہے ، اپنے تو اپنے غیروں کی آنکھوں سے بھی آنسو کے قطرات ٹپکنے لگتے ہیں ۔
حکیم امت ، ہمدرد قوم و ملت ، علمبردار اتحاد و وحدت ، نباض تعلیم و تربیت ، مصلح اخلاق و معاشرت ثقۃ الاسلام والمسلمین عالی جناب مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق صاحب قبلہ ایسے ہی عالم با عمل تھے جن کے فقدان پر آج پوری ملت گریہ کناں ہے اور ہر شخص اپنی جگہ پر احساس یتیمی کررہاہے –––آج ہر ایک کی زبان پر بس ایک ہی جملہ ہے : آہ –––ہمارا محسن ہمیں تنہا چھوڑ کر دار فانی سے دار بقا کی طرف کوچ کرگیا ۔انا للہ و انا الیہ راجعون۔
مولانا کلب صادق صاحب بلاشبہ ایک عظیم اور عہد آفریں شخصیت کے مالک تھے ، ان کی ذات میں بیک وقت بے شمار صفات و خصوصیات جمع تھے جن کی اجمالی فہرست کے لئے بھی کئی صفحات درکار ہیں لیکن ان سب میں آپ کی ایک نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ آپ قوم وملت کے ہر جوان کو تعلیم یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں آپ کی مساعی جمیلہ کے بے شمار نمونے ہندوستان میں جابجا ملاحظہ کئے جاسکتے ہیں ۔ افسوس !یہ نباض تعلیم و تربیت ہم سے رخصت ہوگیا ۔
ہم اس عظیم فقدان پر امام زمانہ( عج)، مراجع عظام، علمائے کرام ، دانشواران عظام اور قوم و ملت کی ہر فرد کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں اور خداوندعالم کی بارگاہ میں دعا کرتے ہیں کہ بحق چھاردہ معصومین علیہم السلام اس عالم باعمل کو اپنی خاص رحمت کے سایہ میں قرار دے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرما ۔ آمین یا رب العالمین 
شریک غم 
سید شاہدجمال رضوی 
و اراکین شعور ولایت فاؤنڈیشن (لکھنؤ)

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .