۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مولانا شیخ ناظر مہدی محمدی

حوزہ/ انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل ، خطہ لداخ کے عوام ، بالخصوص مومنین کرگل کی جانب سے مرحوم ڈاکٹر سیدکلب صادق صاحب کے فرزند ارجمندجناب  کلب سبطین نوری صاحب، دیگر اہل خانہ، عزیز واقارب، مومنین لکھنو اور مسلمان ہند کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا شیخ ناظر مہدی محمدی نے ممتاز شیعہ عالم دین اور معروف اسلامی اسکالر و خطیب مولانا سید ڈاکٹر کلب صادق کا طویل علالت کے بعد انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت و تسلیت پیش کی۔

تعزیتی پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے:

اناللہ و انا الیہ راجعون 

توحید المسلمین ٹرسٹ کے بانی، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر ،  اور ممتاز شیعہ عالم دین اور معروف اسلامی اسکالر و خطیب مولانا سید ڈاکٹر کلب صادق کا طویل علالت کے بعد آج انتقال ہوگیا۔ مولانا کلب صادق طویل عرصے سے اترپردیش کی راجدھانی لکھنو کے ایرا میڈیکل کالج میں زیرعلاج تھے۔

 حکیم امت کے خطاب سے یاد کئے جانے والے مولانا کلب صادق کے انتقال کی خبرسے تعلیمی، سماجی، سیاسی اور مذہبی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
مرحوم کی رحلت کی خبر سنتے ہی مومنین کو نہایت ہی صدمہ ہوا ہے۔مرحوم مولانا کلب صادق صاحب نے ہمیشہ قوم کو جہالت سے نکالنے اور علم کی روشنی کو عام کرنے میں اپنا کلیدی کردار نبھایا ۔ قوم اُن کی اِن کاوشوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی ۔ مسلمانان ہند کے لئے بالعموم اور شیعیان ہندوستان کے لئے بالخصوص یہ ایک ناقابل تلافی نقصا ن ہے ۔ مرحوم ہمیشہ ملک میں آپسی بھائی چارہ ، مسلمانوں کے درمیان بھی اتحاد اور شیعہ قوم میں علمی رجحان کو عام کرنے میں سرگرداں رہتے تھے ۔ اپنی ہر تقریر میں مسلمانوں پر خاص زور دیتے تھے کہ وہ بھوک برداشت کریں مگر اپنے بچوں کو تعلیم دلوائیں کیونکہ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جو قوم کو تاریکی سے نکال کر روشنی میں کھڑا کر سکتی ہے۔ 

انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل ، خطہ لداخ کے عوام ، بالخصوص مومنین کرگل کی جانب سے مرحوم ڈاکٹر سیدکلب صادق صاحب کے فرزند ارجمندجناب  کلب سبطین نوری صاحب، دیگر اہل خانہ، عزیز واقارب، مومنین لکھنو اور مسلمان ہند کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔ اور خدا وند متعال سے دست بہ دعا ہیں کہ مرحوم کے سوگوران کو اس مصیبت کو برداشت کرنے کے لئے صبر جمیل و اجر جزیل عطا فرمائے ۔ اور مرحوم کومحمد(ص)و آل محمد (علیہماالسلام ) کے ساتھ محشور فرمائے ۔ (آمین)

شیخ ناظر مہدی محمدی 
صدر انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .