حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام شیخ فدا حسن عبادی نائب امام جمعہ سکردو نے جامع مسجد سکردو میں جمعہ کے خطبے میں ماہ رجب کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر فرماتے ہیں رجب خدا کا مہنیہ ہے،شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان میری امت کی مغفرت کا مہینہ ہے اور رجب کی پہلی تاریخ کو ولادت حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی مناسبت سے تمام عاشقان اہل البیتؑ کی خدمت میں تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسان دن رات نمازیں پڑھے، روزہ رکھے، حج اور زکات ادا کرے لیکن نظام ولایت اور امامت کا قائل نہ ہو تو اس کا کوئی عمل قبول نہیں ہو گا ہوتا ۔نظام امامت کی حفاظت کے لیے جانی اور مالی قربانی کی ضرورت ہو تو دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
شیخ حسن عبادی نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی 42ویں سالگرہ کی مناسبت سے رہبر معظم،مراجع عظام اور تمام اہل اسلام کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی بت شکن کے اس انقلاب کی کامیابی کا راز خدا پر توکل تھا اور امام نے اسلام کے حقیقی دشمن امریکہ اور اسکتبار کی سازشوں سے قوم کو آگاہ کیا۔
انہوں نے امریکہ کی جانب سے ٹرمپ کے مواخذہ کے فیصلے کو خوش آیند قراد دیا اور دوسرے صدور کو عبرت لینے کی ضرورت پر تاکید کی ۔اور ان کےمواخذہ کو قاسم سلیمانی کی شہادت کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو ناحق خون بہاتا ہے اس کو اس کے اس برے عمل کی سزا ضرور ملتی ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں حکومت کی جانب سےاحتجاج کرنے والے ملازمین پر لاٹھی چارج کرنا اور آنسو گیس پھینکنے کی بھر پور مذمت کی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے انتخابات کے دوران جتنے بھی وعدے کیے ہیں بلاخص عبوری صوبے کاجو اعلان کیا گیا ہے فوراً عملدرآمد کیا جائے ۔آج کا جوان باشعور ہے بیوقف بنانے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔اور جب آئینی حقوق کا مطالبہ کیا جاتا ہے اور حقوق کے لیے آواز بلند ہوتی ہے تو گلگت بلتستان کے لوگوں پر اینٹی پاکستان کے جھوٹے الزامات لگائے جاتے ہیں جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔الحمد للہ جی بی کے لوگ حقیقی محب وطن ہیں مزید انکا امتحان نہ لیا جائے۔
علامہ حسن عبادی نے کہا کہ نیشنل پارک کے نام پر زمینوں پر قبصے کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور حکومت کو جہاں بھی زمین کی ضرورت ہو معاوضہ دے کر حاصل کرے۔نیشنل پارک بنانا چاہیے اسکی ضرورت ہے لیکن یہاں کی عوام کو اعتماد میں لیکر بنایا جائے، بصورت دیگر بھر پور طریقے سے مزاحمت کی جائے گی۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ محمد علی سدپارہ قومی ہیرو ہیں ان کی تلاش کے حوالے سے پاک فوج کی کوششوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ دنیاکی بلند ترین چوٹیوں پر پاکستان کے پرچم کو نصب کرنے کی کوشش کی اور وہ پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتے تھے۔