حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام کی مقدس شخصیات اور ان کے مزارات کو فن کے ذریعے متعارف کرانے کے لئے آستان قدس رضوی کے زیراہتمام مزارات کے زیرعنوان انٹرنیشنل فوٹو فیسٹیول کا انعقاد کیا گيا ہے۔
"مزارات" انٹرنیشنل فوٹو فیسٹیول کے ایگزیکیٹیو سکریٹری کا کہنا ہے کہ اس فیسٹیول کا ایرانی اور غیر ملکی فوٹوگرافروں نے زبردست استقبال اور اسے خوب پسند کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک دنیا کے تمام براعظموں بالخصوص براعظم ایشیا کے ملکوں سے زیارتگاہوں کی تصاویر کے متنوع اور بہترین پوسٹر اورفوٹو ہمارے سیکریٹیریٹ میں آچکے ہیں ۔
مزارات انٹرنیشنل فوٹو فیسٹیول کے ايگزیکیٹیو سکریٹری امین ابراہیمی نے آستان نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوٹو اور تصاویر کو ارسال کرنے اور رجسٹریشن کا سلسلہ 26 جنوری 2021 سے جاری ہے اور اس میلے کے سیکریٹیریٹ نے ملک کی فوٹوگرافی کی سائٹس کی مدد سے اس بات کی کوشش کی ہے کہ ایران کی فوٹوگرافرز سوسائٹی کو اس میلے میں شرکت کی دعوت کے بارے میں اچھی طرح آگاہ کرسکے
امین ابراہیمی نے بتایا کہ ایرانی فوٹو گرافروں نے اس میلے یا فیسٹیول کا زبردست استقبال کیا ہے انہوں نے کہا کہ اب تک دنیا کے تمام علاقوں خاص طور پر بر صغیر کے ملکوں ہندوستان، پاکستان اور بنگلا دیش سے تصاویر کے مختلف اور عمدہ نمونے ہمارے پاس بھیجے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میلے کے دو حصّے نمایش کے لیۓ پیش کیئے جارہے ہیں جن میں ایک کا موضوع ہے " دعاو نیایش" اور دوسرے کا موضوع ہے "اسلامی زیارتگاہوں کی معماری"۔ انہوں نے بتایا کہ اس میلے میں شرکت کرنے والے افراد مسجدوں میں عبادت و مناجات اور دعا و نماز کے مناظر کی تصاویر بھی " دعا ونیایش " والے سیکشن کے لیۓ ارسال کر سکتے ہیں ۔
امین ابراہیمی کا کہنا تھا اس بین الاقوامی میلے میں شرکت کرنے والے اپنے فن پاروں کو ہمارے پاس ہر حال میں 28 فروری تک ویب سائٹ کے ذریعے بھیج سکتے ہیں جس کا ایڈریس ہے:
Photo.mazar. net
قابل ذکر ہے کہ اسلامی ملکوں کے مذہبی وثقافتی تعلقات میں توسیع اور عالم اسلام کے مذہبی روابط کے فروغ میں مقدس اسلامی شخصیات کے مزاروں کے کردار کی اہمیت نیز اسلامی زیارتگاہوں اور مسلم ملکوں کی ثقافتی و مذہبی میراث کے تحفظ کی کوششوں کے پیش نظر اس فیسٹیول کا انعقاد آستان قدس رضوی کے تخلیقاتی ادارے کی جانب سے کیا گیا ہے۔