۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
اختر بیگم

حوزہ/انسان کے اندر اگر کسی چیز کو کرنے کا جنون و جذبہ ہو تو وہ اسے بخوبی انجام دے سکتا ہے۔ ایسا ہی ایک کام حیدرآباد کی بزرگ خاتون اختر بیگم نے کر دکھایا۔ اختر بیگم نے خوش خط کتابت کے ذریعے قرآنی نسخے کو مکمل کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حیدرآباد میں قرآنی آیات و اسمائے مبارک کو خطاطی کے دلکش انداز میں کئی لوگوں نے لکھا ہے لیکن پہلی مرتبہ ایک 65 سالہ بزرگ خاتون اختر بیگم نے قرآنی آیات و قرآن مجید کا نسخہ لکھا ہے۔

حیدرآباد کے علاقہ سنتوش نگر کی رہنے والی اختر بیگم گزشتہ 10 برسوں سے قرآنی آیات ہاتھ سے لکھتی آرہی ہیں اور انہوں نے ایک قرآن مجید کا نسخہ مکمل کر دیا ہے۔

اختر بیگم کا خطاطی سیکھنے کا اصل مقصد قرآن مجید کا نسخہ لکھنا تھا جو اب مکمل ہوچکا ہے۔

akhtar begum

انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ 8 گھنٹے قرآن مجید و اسمائے مبارک لکھتی تھیں۔ اس دس سال کے عرصے میں ان کی دو بیٹیوں کی شادی ہوئی اور کئی مصروفیات ہونے کے باوجود انہوں نے قرآن مجید لکھنا نہیں چھوڑا۔

اختر بیگم نے کہا کہ قرآن مجید لکھتے وقت اللہ تعالیٰ کی مدد ملتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا وقت فون اور ٹی وی دیکھنے میں ضائع نہ کریں بلکہ قرآن مجید کی تلاوت اور اسلامی تعلیمات میں وقت لگائیں۔

اگر ہمت، حوصلہ، جذبہ و جنون ہو تو کوئی کام مشکل نہیں ہوتا، اس کی مثال 65 سالہ بزرگ خاتون اختر بیگم نے پیش کی ہے اور ان کے اس کارنامے کی ہر کوئی ستائش کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .