ہفتہ 22 مارچ 2025 - 09:00
قرآن کریم کا تین سو سالہ قدیمی خطی نسخہ، ایک مصری خاندان کا روحانی خزانہ

حوزہ / مصر کے صوبہ قنا میں ایک قرآن کریم کا ایک خطی نسخہ گزشتہ تین صدیوں سے ایک خاندان کے پاس بطور روحانی ورثہ نسل در نسل منتقل ہو رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مصر کے صوبہ قنا کے ایک گاؤں میں ایک خوبصورت اور دست نویس قرآن کریم کا تین سو سالہ قدیمی خطی نسخہ جو ایک مقامی خاندان کے اجداد نے تحریر کیا تھا، صدیوں سے بڑی احتیاط سے محفوظ رکھا گیا ہے۔

یہ قرآن اپنی نفیس خطاطی کی وجہ سے مشہور ہے اور گاؤں کے لوگ اسے استعمال کرتے ہیں یہاں تک کہ بعض اوقات حلف برداری اور کسی حقیقت کے کشف کرنے کے لیے بھی اس کا حوالہ دیا جاتا ہے۔

محمود تہامہ، اس خاندان کے ایک فرد جنہوں نے یہ قرآن وراثت میں پایا، کہتے ہیں: "اس قرآن کی تاریخ تقریباً تین سو سال پرانی ہے اور یہ ہمارے جد امجد شیخ عبد الحق سے ہمیں منتقل ہوا ہے۔ شیخ عبد الحق نے اسے اپنے ہاتھوں سے تحریر کیا تھا اور ساتھ ہی کئی دیگر خطی مذہبی نسخے بھی لکھے تھے جو بدقسمتی سے ایک آتشزدگی میں ضائع ہو گئے۔"

انہوں نے مزید کہا: "ہمارے خاندان نے اس قرآن کو سلامت رکھا ہے اور اس کی خطاطی اتنی خوبصورت ہے کہ دیکھنے والے یقین نہیں کر پاتے کہ یہ ہاتھ سے لکھا گیا نسخہ ہے۔"

محمود تہامہ نے مزید کہا: ہمارے خاندان میں اس قرآن کو ایک قیمتی ورثے کے طور پر رکھا جاتا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ اسے کچھ نقصانات ضرور پہنچے ہیں مگر اب بھی اسے بڑی احتیاط سے محفوظ رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: یہ قرآن عرصہ دراز سے ایک کپڑے میں لپٹا ہوا ہے، جو آج تک محفوظ ہے۔ البتہ ایک شخص نے اس قرآن کی فوٹو گرافی اور ڈیجیٹل اشاعت کی تجویز دی ہے تاکہ اسے طویل مدتی تحفظ دیا جا سکے۔ اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو عوام کو اس سے آگاہ کیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha