۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مولانا سید غافر رضوی

حوزہ/ امام حسین علیہ السلام نے اپنے قیام کے ذریعہ پوری امت کو گمراہی سے بچایا ہے۔ اگر امام حسینؑ قیام نہ کرتے تو امت مسلمہ تباہی کے گھاٹ اترجاتی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،محرم الحرام سن 1443ہجری کے عشرہ اولیٰ کے بعد عشرہ ثانیہ اور خمسہ مجالس کے سلسلے شروع ہوگئے۔ نئی دہلی میں محرم کی 11 تاریخ سے خمسہ مجالس کا آغاز ہوا، اس خمسہ کی تیسری مجلس میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید غافر رضوی صاحب قبلہ فلکؔ چھولسی نے امام حسین علیہ السلام کے اہداف و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بیان کیا: امام حسین علیہ السلام نے اپنے قیام کے ذریعہ پوری امت کو گمراہی سے بچایا ہے۔ اگر امام حسینؑ قیام نہ کرتے تو امت مسلمہ تباہی کے گھاٹ اترجاتی۔

مولانا موصوف نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: آج دنیا میں جو بھی رشتوں کا احترام باقی ہے وہ سب امام حسین ؑکا مرہون ِ منت ہے، امت مسلمہ جتنا بھی امام حسینؑ کا شکریہ ادا کرے کم ہے کیونکہ اگر امام حسینؑ قیام نہ کرتے تو دنیا میں کسی رشتہ کا احترام نہ ہوتا۔

مولانا غافر رضوی نے مزید بیان کیا: امام حسین علیہ السلام کے قیام کا اصل مقصد امربالمعروف اور نہی عن المنکر تھا، امام حسینؑ یہ چاہتے تھے کہ دین اسلام کا حقیقی چہرہ جس کو یزید پلید مسخ کرنا چاہتا تھا وہ دنیا کے سامنے آشکار کردیں چنانچہ امام حسینؑ نے ایسا ہی کیا، آپ نے اپنا دل عزیز وطن مدینہ منورہ چھوڑنا گوارا کیا، اپنے بھرے گھر کو اجڑتے ہوئے دیکھنا منظور کیا لیکن آپ کو یہ برداشت نہیں ہوا کہ اسلام کا حقیقی چہرہ مسخ ہوجائے۔

مولانا نے یہ بھی کہا: امام حسینؑ نے صرف یہ نہیں فرمایا کہ میں یزید کی بیعت نہیں کروں گا بلکہ فرمایا کہ مجھ جیسا یزید جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا اس کا مطلب یہ ہے کہ تا قیام قیامت کوئی بھی حسینی مزاج، یزیدی مزاج کی بیعت نہیں کرے گا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .