حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان ڈویژن "نشتر میڈیکل یونیورسٹی یونٹ" کے زیراہتمام سالانہ 49ویں ''یوم حسینؑ '' کانفرنس کا انعقاد اسمبلی ہال میں کیا گیا، کرونا وائرس کے پیش نظر شرکاء کی تعداد کو محدود رکھا گیا جس کے بعد بڑی تعداد میں طلباء و طالبات اور ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدرات یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر رانا الطاف حسین نے کی۔
تصویری جھلکیاں: ملتان میں 49ویں سالانہ ''یوم حسین علیہ السلام '' کا انعقاد
کانفرنس میں حجتہ السلام والمسلمین علامہ نصرت عباس بخاری نے خصوصی شرکت کی اور شرکا سے خطاب کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر رانا الطاف احمد سمیت دیگر اساتدہ نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس میں ڈاکٹر عباس نقوی، ڈاکٹر فوزیہ ظفر، ڈاکٹر محمد سجاد رضا سمیت اساتذہ و طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ طلبا و طالبات نے امام حسین(ع) کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ نصرت بخاری نے کہا کہ کربلا انسان کی فکر کو عروج بخشتی ہے، کربلا کی تاثیر ہے کہ مسلسل پھیل رہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس سبق کو حاصل کریں اور اپنی زندگیوں میں لاگو کریں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر رانا الطاف کا کہنا تھا کہ عاشور اسلام کو نئی تازگی عطا کرتا ہے، کانفرنس کے منتظمین اور علامہ نصرت بخاری کے مشکور ہیں، کربلا قربانی کا درس دیتی ہے، کربلا حق بات پر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں کربلا کو فالو کرنے کی ضرورت ہے۔ کانفرنس میں آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر ثقلین ظفر بھی موجود تھے۔
کانفرنس کے دوران کرونا ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے ماسک، سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے کو یقینی بنایا گیا، کانفرنس کے اختتام پر شرکا میں اعزازی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔