۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ مرحوم علامہ حسن زادہ آملی نے نہج البلاغہ، اسفار اربعہ، کشف المراد اور گلستان سعدی جیسی کتابوں کی بھی تصریح کی ہے اور ان کے نظموں کا ایک مجموعہ(دیوان) بھی شائع کیا جا چکا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ، صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن (تلنگانہ ) ہندوستان نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسن زادہ آملی متعدد علوم و فنون کا ایک موجزن دریا تھے جو موت کے دامن میں سمٹ گیا۔

تعزیت نامہ کا مکمل متن اس طرح ہے؛

موت العالم موت العالم
 آہ ! آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسن زادہ آملی متعدد علوم و فنون کا ایک موجزن دریا تھے جو موت کے دامن میں سمٹ گیا۔
برادران ایمانی ! السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
یہ خبر وحشت اثر سن کر دل و دماغ پر رنج و غم کے گہرے بادل چھا گئے کہ آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسن زادہ آملی نے دار فانی کو الوداع کہا۔  انا اللہ و انا الیہ راجعون
 آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ علامہ حسن زادہ آملی 1307شمسی (1928ء) میں ایران کے شہر آمل کے ضلع لاریجان کے گاؤں ایرا میں پیدا ہوئے۔ وہ الٰہیات کے فلاسفر، فقیہ ، عارف ، ماہرفلکیات اور حوزہ علمیہ کے استاد تھے۔عالم اسلام کے یہ ممتاز اور عالمی شہرت یافتہ عالم دین ادبیات، ریاضی ، فلکیات وغیرہ جیسے علوم میں خاص مہارت رکھتے تھے اور فرانسیسی اور عربی زبان پر بھی انہیں مکمل عبور حاصل تھا اور طبری اور فارسی زبان میں ان کے متاثر کن اور پرکشش نظمیں اور اشعار موجود ہیں اور اب تک تقریبا 190 علمی آثار علامہ حسن زادہ آملی کے نام پر ثبت ہو چکے ہیں۔
 آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ علامہ حسن زادہ آملی فلسفہ ، عرفان و تصوف ، ریاضی ، فلکیات ، فارسی ادب وغیرہ میں بھی کئی علمی آثار رکھتے ہیں۔ جیسا کہ ان کے مہم ترین علمی آثار میں سے اشارات، شفا اور شرح فصوص الحکم وغیرہ انتہائی معروف ہیں کہ جن پر کئی ایک حاشیہ اور شروحات بھی لکھی جا چکی ہیں۔مرحوم علامہ حسن زادہ آملی نے نہج البلاغہ، اسفار اربعہ، کشف المراد اور گلستان سعدی جیسی کتابوں کی بھی تصریح کی ہے اور ان کے نظموں کا ایک مجموعہ(دیوان) بھی شائع کیا جا چکا ہے۔
افسوس…! آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسن زادہ آملی متعدد علوم و فنون کا ایک موجزن دریا تھے جو موت کے دامن میں سمٹ گیا۔ان کا انتقال پر ملال دنیائے علم و ادب کا عظیم خسارہ ہے۔پروردگار عالم بحق محمد و آل محمد علیہم السلام مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عنایت فرمائے ۔اور پسماندگان کو صبر جمیل مرحمت فرمائے ۔آمین!
ان مختصر الفاظ کے ساتھ ہم مجمع علماء و خطباء حیدرآباد ،تلنگانہ ،ہندوستان کی جانب سے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے جملہ لواحقین و متعلقین و علماء و طلباء و مومنین و مراجع عظام بالخصوص حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

شریک غم
حجۃ الاسلا م والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ
صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن(تلنگانہ) انڈیا

تبصرہ ارسال

You are replying to: .