بدھ 2 اپریل 2025 - 15:34
حجۃ الاسلام مولانا سید ولی الحسن رضوی مرحوم اسم بامسمیٰ ولی تھے، مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ ’’ولی ‘‘کے بہت سے معنی ہوتے ہیں مگر عام طور سےاردو زبان میں ’’دوستی‘‘ کے عنوان سے بھی مستعمل ہوتا ہے۔اس اعتبار سے حجۃ الاسلام مولانا سید ولی الحسن رضوی مرحوم اسم بامسمیٰ ولی تھے۔کیونکہ جو ایک بار بھی ان سے ملتا تھا دوست بن جاتا تھا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حیدرآباد دکن/ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدرفرشتہ،بانی و سرپرست مجمع علماءوخطباء حیدر آباد دکن،تلنگانہ،ہندوستان نے فرزند ظفر الملت حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ولی الحسن رضوی مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان و وابستگان کی خدمت میں تعزیت پیش کی جسکا مکمل متن اس طرح ہے۔

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

اَلَاۤ اِنَّ اَوْلِیَآءَ اللّٰهِ لَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَ۔الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ كَانُوْا یَتَّقُوْنَﭤ۔

’’بیشک ا للہ کے ولیوں پر نہ کچھ خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔ وہ جو ایمان لائے اور ڈرتے رہے‘‘(سورہ یونس،آیت ۶۲۔ ۶۳)۔

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ولی الحسن رضوی ابن سرکار ظفرالملت آیۃ اللہ سید ظفرالحسن طاب ثراہ کی خبر رحلت سن کر بہت افسوس ہوا۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔

’’ولی ‘‘کے بہت سے معنی ہوتے ہیں مگر عام طور سےاردو زبان میں ’’دوستی‘‘ کے عنوان سے بھی مستعمل ہوتا ہے۔اس اعتبار سے حجۃ الاسلام مولانا سید ولی الحسن رضوی مرحوم اسم بامسمیٰ ولی تھے۔کیونکہ جو ایک بار بھی ان سے ملتا تھا دوست بن جاتا تھا۔

ہم جس زمانہ میں حوزہ علمیہ قم میں ۸۹۔۱۹۸۸ء میں موجود تھے اس وقت ولی بھائی بھی ہم سے پہلے سے وہاں موجود تھے۔کافی شفیق مہربان ،ہمیشہ خاکساری و انکساری کے ساتھ سب سے ملنا اور اپنی محبتیں ہم سب پر نچھاور کرنا یہ سارے صفات حمیدہ ان کے اندر پائی جاتی تھیں۔

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ولی الحسن صاحب قبلہ کے ساتھ قم المقدسہ میں گزارے ہوئےخوشگوار لمحات کو یاد کرتے ہوئے اور ولی بھائی کے حسن اخلاق و کردار کودیکھتے ہوئے مولانا روم کی مثنوی کے یہ شعر یاد آتے ہیں؎

یک زمانہ صحبت با اولیا

بہتر از صدسالہ طاعت بے ریا

یعنی اللہ کے ولی کی صحبت کے چند لمحے سوسال کی بے ریا عبادت سے بہتر ہے‘‘۔

افسوس ایک حلیم و بردبار،مومن و متقی،عالم با عمل ہم سے ہمیشہ کے لئے رخصت ہوگیا۔خداوند عالم بطفیل ائمہ معصومینؑ مرحوم کو اعلیٰ علیین میں جگہ مرحمت فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔

ان مختصر الفاظ کے ساتھ ہم مجمع علماءوخطباء حیدرآباد کی جانب سے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور مرحوم کے جملہ افراد خانوادہ بالخصوص سرکار شمیم الملت آیۃ اللہ شمیم الحسن صاحب قبلہ ،علماء و طلباء و مراجع و امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

شریک غم

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدرفرشتہ

بانی و سرپرست مجمع علماءوخطباء حیدر آباد دکن،تلنگانہ،ہندوستان

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha