حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جیسا کہ خداوند متعال نے اپنے تمام بندوں کو زیبائی اور خوبصورتی کی نعمت عطا کی ہے اسی طرح اس نے اپنے پیغمبروں کے ذریعہ اس کے صحیح نگہداشت کی وضاحت بھی کی ہے۔ فقہاء عظام نے دین کو انسانی زندگی میں لاگو کرنے کے لئے شرعی احکام کی جمع آوری کی ہے۔ انسانی طرز زندگی میں فقہ اور شرعی ہدایات اسلامی زندگی کی روش کو منظم کرنے اور توحید پرستوں کی زندگی کی رہنمائی میں بہت مؤثر کردار ادا کرتی ہیں۔
اس سلسلہ میں "تبلیغ و مطالعات اسلامی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ" نے ایک کتاب "آداب و احکام صنف آرایشگران" (شعبہ ہیئر ڈریسنگ کے آداب اور احکام)مرتب کی ہے اورانسانی زندگی میں فقہ کو زیادہ سنجیدگی سے استعمال کرنے کے لئے ایک نیا قدم اٹھایا ہے۔
اس کتاب سے مزید آشنائی کے لئے اس انسٹی ٹیوٹ کے محققین میں سے ایک جناب حجت الاسلام مجتبیٰ فاضل بخشائش کے ساتھ ایک انٹرویو کیا گیا ہے جسے قارئین کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے:
گفتگو میں شروعات کے طور پر براہِ کرم پہلے اپنا تعارف کرائیں اور اس کے بعد اپنی (یا اپنے علمی گروپ کی) علمی اور ثقافتی زندگی کو اجمالاً بیان کریں۔
"باقر العلوم (ع) تبلیغی اور مطالعات اسلامی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ" کا فقہی گروہ بفضلِ خدا دس سال سے زیادہ عرصے سے کام کر رہا ہے اور اس نے اب تک دو اقسام "ابواب اور فقہی ذرائع" سے مذہبی و شرعی مسائل کا جواب دیا ہے۔ البتہ مختلف شعبوں کے شرعی مسائل کے جوابات کو رہبر معظم انقلاب کے فتاویٰ کے مطابق مرتب کیا گیا ہے۔
کتاب کے پہلے باب میں مذکور روایات کی روشنی میں حلال کمائی کی اہمیت کو بیان کریں۔
خداوند متعال نے انسان کو اس طرح پیدا کیا ہے کہ اسے دنیا میں مادی امور کی ضرورت ہے اور اپنی مادی ضروریات کو پورا کئے بغیر وہ صحیح زندگی نہیں کر سکتا اور اپنے ارتقاء کی راہ پر نہیں چل سکتا۔ احادیث میں بھی اس بات پر تاکید کی گئی ہے اور مومنوں کو کاروبار کرنے کی ترغیب دلائی گئی ہے۔
البتہ جیسا کہ احادیث میں انسان کو کوشش کرنے اور سستی سے بچنے کا مشورہ دیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ کاروبار کے اصول سیکھنے اور حرام کے ذریعہ پیسہ کمانے سے گریز کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ روایت میں آیا ہے کہ امیرالمومنین حضرت علی علیه السلام نے منبر پر جا کر بازاریوں سے کہا: "سب سے پہلے خرید و فروخت کے اصول و قواعد کو سیکھو پھر کاروبار کرو"۔ یا ایک اور روایت میں انہوں نے فرمایا ہے کہ " قیامت کے دن سب سے بڑا پچھتاوا اس شخص کا پچھتاوا ہے جس نے حرام کے ذریعہ پیسہ کمایا اور اس کے مرنے کے بعد اس کے ورثاء اس کی جائیداد کو خدا کی راہ میں خرچ کریں گے اور اس کے سبب وہ جنت میں داخل ہوں گے لیکن خود جائیداد کا مالک حرام ذریعہ سے کمائی کرنے کی وجہ سے جہنم میں داخل ہوگا"۔
براہ کرم! مخاطبین کو اسلام میں ظاہری شکل اور صفائی کی اہمیت کے بارے میں بتائیں۔
جب انسانوں میں نظافت و صفائی ستھرائی کو کوئی خاص اہمیت نہیں دی جاتی تھی تو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے لوگوں کو نظافت اور پاکیزگی کی دعوت دی۔ کتاب "نہج الفصاحہ" میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے نقل کیا گیا ہے: « تَنَظَّفوا بکُلِّ ما استَطَعتُم؛ فإنَّ اللّه َ تعالی بَنَی الإسلامَ علَی النَّظافَةِ، و لَن یَدخُلَ الجَنَّةَ إلاّ کُلُّ نَظیفٍ»؛ "اپنے آپ کو کسی بھی وسیلہ سے صاف اور پاکیزہ کرو کیونکہ اللہ تعالی نے اسلام کو پاکیزگی کی بنیاد پر قرار دیا ہے اور ہرگز جنت میں نہیں جائے گا مگر وہ شخص جو پاکیزہ ہو گا"۔
صفائی اور ستھرائی کے موارد میں سے ایک چیز جس پر انسان کو توجہ دینی چاہئے وہ "بالوں اور چہرے کی صفائی" ہے۔ بہت سی احادیث ہیں جو بالوں کو صاف کرنے اور انہیں درست کرنے، اضافی بالوں کو کاٹنے، بالوں میں کنگھی کرنے یا اپنے آپ کو آئینے میں دیکھنے، ناخن کاٹنے وغیرہ کے بارے میں وارد ہوئی ہیں۔ یہ سب چیزیں اسلام میں انسان کے آراستہ ہونے اور ظاہری خوبصورتی کو مدنظر رکھنے کی اہمیت کو بیان کرتی ہیں۔
اس موضوع کو منتخب کرنے کی وجہ کیا تھی؟
ایک تو معاشرہ میں موجود ان شعبوں میں سے ایک کہ جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد خاص طور پر نوجوان افراد کام کرتے ہیں، ہیئر ڈریسنگ کا شعبہ ہے اور دوسری طرف ہیئر ڈریسنگ کے شعبہ کی اپنی کئی اقسام ہیں لہذا "باقر العلوم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے فقہی گروہ" نے اس شعبے سے منسلک افراد سے انٹرویو وغیرہ لینے کے بعد اس محنت کش طبقے سے متعلق احکامات شرعی کو مرتب کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ انہیں اس طبقے سے منسلک افراد، ان کے گاہکوں اور تبلیغ دین کرنے والوں تک پہنچایا جا سکے۔
آپ کے خیال میں یہ کتاب کس گروپ کے لئے زیادہ مفید ہوگی؟
اس کتاب میں منتخب کردہ عنوان کے مطابق معاشرہ کے تین گروہ اس کتاب کی طرف سب سے زیادہ مراجعہ کریں گے۔ پہلا وہ لوگ جو اس شعبہ میں کام کرتے ہیں، دوسرا ان لوگوں کی بڑی تعداد ہے جو اس شعبہ کی طرف رجوع کرتے ہیں یا دوسرے لفظوں میں اس شعبہ کے گاہک اور تیسرا مبلغین دین اور وہ افراد جو احکام شرعی کو بیان کرتے ہیں۔
البتہ آپ عزیزوں کی آسانی کے لئے عرض کرتا چلوں کہ اس کتاب کی فائل (فارسی زبان میں) مقام معظم رہبری حفظہم الله کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے اور قارئین استفادہ کے لئے اس ویب سائٹ کی طرف رجوع کر سکتے ہیں۔