۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/ صدر انجمن شرعی شیعیان حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سیرت رسول ؐ کو امت مسلمہ کے جملہ مسائل اور مصائب کا راہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے موجودہ حالات مسلمانوں سے تقاضا کر رہے ہیں کہ وہ مکمل طور پر سیرت رسول ؐ پر عمل پیرا ہوجائے اور ہر سطح پر ملی اتحاد کا مظاہرہ کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میں شاندار سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق،سیرت کانفرنس میں شاخاہاے باب العلم کے سینکڑوں طلبہ و طالبات ، معلمین و تنظیمی اراکین کے علاوہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی سیرت کانفرنس کی صدارت تنظیم کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی سیرت کانفرنس سے متعدد علمائے دین اور مفکرین نے خطاب کیا۔ جن میں حجت الاسلام والمسلمین شیخ غلام رسول نوری ، حجت الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری،حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی ،خورشید احمد قانونگو ،مولاناسید شمس الرحمان ،مولاناشیعب شوکت شاہ ،ایڈوکیٹ زاہد علی شامل ہیں۔

سیرت کانفرنس میں انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام وادی کے جمعہ مراکز کے ائمہ حضرات نے بھی شرکت کی جن شعراء حضرات نے بارگاہ رسالت ؐ میں ہدیہ نعت پیش کیا ان میں غلام حسن غمگین اور شبیر احمد میرشامل ہے۔ جب کہ نظامت کے فرائض سید طاہر حسین موسوی نے انجام دئے۔

مقررین نے حضور سرور کائناتؐ کی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسوہ رسولؐ قرآن کریم کی عملی تفسیر ہے اور آپ ؐ کی سیرت طیبہ رہتی دنیا تک عالم بشریت کے لئے باعث رحمت و نجات ہے سیرت نبوی کی پیروی میں ہی مسلمانوں کی شان و عظمت کا راز مضمر ہے۔

مقررین نے توہین رسالت و قرآن کے پے در پے سانحات کو امت مسلمہ کے لئے نہایت تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سانحات کا بہترین رد عمل یہ ہے کہ ہم مکمل طور پر اپنی زندگی اور جملہ معاملات کو شریعت اسلامی اور سیرت رسول ؐ کے سانچے میں ڈال کر دشمنان اسلام کو ان کے مکروہ عزائم اور مقاصد کے حصول سے باز رکھیں۔

اپنے صدارتی خطاب میں صدر انجمن شرعی شیعیان حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سیرت رسول ؐ کو امت مسلمہ کے جملہ مسائل اور مصائب کا راہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے موجودہ حالات مسلمانوں سے تقاضا کر رہے ہیں کہ وہ مکمل طور پر سیرت رسول ؐ پر عمل پیرا ہوجائے اور ہر سطح پر ملی اتحاد کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا جس قدر مہذب اور متمدن ہو جائے گی دنیائے بشریت پر اسلام اور پیغمبر اسلام ؐ کی شان و عظمت اور حقانیت واضح ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام کی تمام تر منصوبہ بندیوں کے باوجود کرہ ارض پر اسلام کا بول بالا ہو کر رہے گا آغا حسن کہا کہ آج پوری دنیا میں اسلامو فوبیاکا طوفان بھر پا ہے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈا کیا جا رہا ہے اس صورتحال کا بہترین سد باب یہ ہے کہ مسلمان سیرت رسول ؐ کو اپنا شعار بنا کر اسلام کی حقیقی تصویر دنیا پر واضح کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .