۳۰ فروردین ۱۴۰۳ |۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 18, 2024
آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/ نبی آخر الزمان ؐ کی ولادت کے زمانے میں دنیا بالخصوص جزیرہ عرب میں انسانی معاشرے کو جگر سوز مصائب کا سامنا تھا اور مظلوم انسانیت بڑی شدت سے کسی الٰہی نجات دہندہ کی تلاش میں تھی اللہ تعالیٰ نے حضور ؐ کو بھیج کر انسانیت پر عظیم احسان فرمایا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے اہتمام سے ہفتہ وحدت بمناسبت عید میلاد النبیؐ کی خصوصی تقریبات کا سلسلہ جاری ہیں اس سلسلے میں امام باڑہ یاگی پورہ ماگام میں سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا عالمی وبائی صورتحال کی وجہ سے اس سال بھی تنظیم کی طرف سے کسی بھی مقام پر جلوس میلاد کا اہتمام نہیں کیا گیا۔

تصویری جھلکیاں کشمیر میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ہفتہ وحدت کی تقریبات کا سلسلہ جاری

تفصیلات کے مطابق،ماگام میں منعقدہ سیرت کانفرنس کی صدارت تنظیم کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی سیرت کانفرنس میں تنظیم کے شعبہ تعلیم جامعہ باب العلم سے منسلک شاخائے مکاتب میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات معلمین و معلمات اور تنظیمی کارکنوں نے شرکت کی سیرت کانفرنس سے کئی شیعہ سنی علمائے دین نے خطاب کیا جن میں حجت الاسلام سید محمد حسین موسوی گریند، حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی ،حجت الاسلام سید محمد صفوی ، حجت الاسلام سید ارشد حسین موسوی ،میر واعظ وسطی کشمیر مولوی لطیف ،مدہوش بالہامی اور ماسٹر غلام حسن بابا شامل ہیں۔

مقررین نے سیر ت نبوی ؐ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی اور اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر روشنی ڈالی اپنے صدارتی خطاب میں صدر انجمن شرعی شیعیان آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے نبی آخر الزمان ؐ کی ولادت باسعادت اور عالم عرب کے حالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ نبی آخر الزمان ؐ کی ولادت کے زمانے میں دنیا بالخصوص جزیرہ عرب میں انسانی معاشرے کو جگر سوز مصائب کا سامنا تھا اور مظلوم انسانیت بڑی شدت سے کسی الٰہی نجات دہندہ کی تلاش میں تھی اللہ تعالیٰ نے حضور ؐ کو بھیج کر انسانیت پر عظیم احسان فرمایا۔

اس موقع پر آغا صاحب نے افغانستان کے مختلف شہروں میں حالیہ بم دھماکوں اور وادی میں شہری ہلاکتوں کی پرزور الفاظ میں مذمت کی انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ایک مخصوص طبقے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس ساری صورتحال کی ذمہ دار وہ قوتیں ہیں جو وہاں اپنے حقیر سیاسی مقاصد کے لئے داعش جیسی خون خوار دہشت گرد تنظیم کو متحرک کر رہے ہیں

تبصرہ ارسال

You are replying to: .