۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
کشمیر

حوزہ/ انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسی الصفوی نے موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کرتے ہوئے دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں کو درپیش پریشان کن صورتحال کو اتحاد ملت کے فقدان کا شاخسانہ قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، میلاد النبیؐ اور یوم ولادت امام جعفر صادقؑ کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میں ایک پروقار سیرت کانفرنس بعنوان ـ"اتحاد، ملت کا متاع گم گشتہ "منعقد ہوئی۔

سیرت کانفرنس کی صدارت تنظیم کے صدر حجت الاسلام و المسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی سیرت کانفرنس سے کئی علماے دین نے موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کیا۔ جن میں امام جمعہ جامع مسجد حنفیہ بڈگام جناب مولانا ریاض احمد بخاری، حجت الاسلام والمسلمین سید باقر رضوی،حجت الاسلام سید محمد حسین الموسوی ،حجت الاسلام سید یوسف الموسوی،حجت الاسلام سید محمد حسین صفوی ،حجت الاسلام  قاری سید حسین موسوی حجت الاسلام مولانا نثار حسین شامل ہے۔

سیرت کانفرنس میں نظامت کے فرائض توفیق حسین ملک نے انجام دئے قاری قمر علی صوفی نے کلام پاک کی تلاوت کی مقررین نے عالمی سطح پر امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و اخوت کو ناگزیر ضرورت قرار دیتے ہوئے ملی وحدت کو نقصان پہنچانے والے اسباب و عوامل کی نشاندہی کی اور ان عوامل کے سد باب پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیامقررین نے کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر اسلام ومسلمین کو جو مصائب اور مشکلات درپیش ہیں ان کی بنیادی وجہ وحدت اسلامی کا فقدان ہے عالمی سطح پر مسلمانوں کے خلاف جو تباہ کن مہم جوئی جاری ہے اس کا موثر توڑ صرف اور صرف اتحاد ملت میں مضمر ہے اور اتحاد ملت کا سرچشمہ نبی اکرم ؐ کی ذات مقدسہ ہے اگر مسلمانان عالم فروعی اختلافات کے خول سے نکل کر بنیادی مشترکہ اصولوں پر متحد ہوجائے تو عالم اسلام کے بہت سے سلگتے مسائل کا حل نکل آئے گا۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسی الصفوی نے موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کرتے ہوئے دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں کو درپیش پریشان کن صورتحال کو اتحاد ملت کے فقدان کا شاخسانہ قرار دیا۔

آغا صاحب نے کہا کہ استکباری قوتیں اپنے مفادات اور مسلمانوں کے وسائل کو لوٹنے کے لئے عالم اسلام میں مسلکی انتہا پسندی کو پروان چڑھانے کے لئے مدتوں سے سر گرم عمل ہے مسلمانوں کے مختلف فرقوں اور مسلکوں سے وابستہ لوگوں کے درمیان بد اعتمادی اور بد گمانی کی فضا قائم کی جا رہی ہے دشمنان اسلام کے ان عزائم کو توڑنے کے لئے مسلمانوں کو آپس میں جوڑنے کی حکمت عملی کے سوا کوئی چارہ کار نہیں اور اس ضمن میں علماے امت کا کردار بنیادی حثیت کا حامل ہے۔

حضرت امام صادق  ؑ کے کردار و عمل کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ امام صادق  ؑ کا جذبہ وحدت ملی اور اس معاملے میں ان کی خدمات ملت کے لئے نمونہ عمل ہے امام عالی مقام ؑ نے تاریخ اسلام میں سب سے پہلا حوزہ علمیہ قائم کیا اور ہزاروں تشنگان علم کو سیراب کیا اسی حوزہ علمیہ سے مسلمانوں کے کئی مسالک کے ائمہ شرف تلمذ حاصل کرکے مصروف تبلیغ ہوئے ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .