۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
کتاب ’’ تاریخ جامعہ باب العلم،بڈگام‘‘

حوزہ/ معروف بین الاقوامی شہرت یافتہ ادارہ انٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر ، ایران کلچر ہاؤس ،نئی دھلی،ھند کے سربراہ و ڈائریکٹر ڈاکٹر مھدی خواجہ پیری کی خواہش و فرمائش پر’’ تاریخ جامعہ باب العلم ،بڈگام‘‘ کی جمع و ترتیب کا کام جاری ہے۔جملہ عقیدت مندان و وابستگان و ارکان انجمن شرعی شیعیان دارا لمصطفیٰ جموں و کشمیر و حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم ،بڈگام سے علمی و قلمی تعاون کی خاص اپیل کی گئی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بڈگام (سرینگر کشمیر)/ علامہ آغا سید یوسف الموسوی الصفوی رحمۃ اللہ علیہ نے17؍ربیع الاول 1370ہجری کو بڈگام (سرینگر کشمیر)میں جامعہ باب العلم قائم کیا۔(تذکرہ ٔ علماء شیعہ بر صغیر مولانا ڈاکٹر سید شہوار حسین نقوی صفحہ ۹۵۴)۔اس حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم سے ہزاروں ایسے طالب علم اور علماء پیدا ہوئے جنھوں نے دین حقہ کی تبلیغ و ترویج میں کافی محنت و مشقت برداشت کی ہے اور ہنوز سلسلۂ تعلیم و تنلیغ زوروشور سے جاری و ساری ہے۔علامہ آغا سید یوسف الموسوی الصفوی رحمۃ اللہ علیہ 1904ء میں ریاست ِجموں و کشمیر کے مشہور شہر بڈگام میں آغا خاندان میں پیدا ہوئے۔آپ ایک اعلیٰ مذہبی رہنما اور بلند پایہ عالم ِدین تھے۔( تاریخ شیعیان کشمیر)۔آپ کا انتقال 29؍اگست 1982ءکو بڈگام میں ہوا۔اور آپ زیارت سرکار مہدی بڈگام میں دفن کئے گئے۔( تاریخ کشمیر مطبوعہ از راہ اسلام آرگنائزیشن )۔آپ نے انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کی بنیاد ڈالی۔

انجمن شرعی شیعیان دارلمصطفیٰ،بڈگام :جموں و کشمیر کا ایک ایسا قدیمی ، تاریخی،تعلیمی،سماجی، سیاسی ، مذہبی،ثقافتی گروہ ہے جو علمی ، سیاسی ، ثقافتی اور متعدد شعبوں میں نہایت اہم اور قابل قدر و لا ئق تحسین ،موجب ستائش نمایاں کردار ادا کرتا ہےفی الحال اسکی قیادت کی ذمہ داری حجت الاسلام و المسلمین آغا سید حسن موسوی کے کاندھوں پر ہے۔

قابل تحسین و آفرین ہیں برادر عزیز و محترم دوست حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی (معروف بہ آغا بڈگام) جن کی زیر قیادت و زعامت و صدارت و ادارت و نظارت وادی ِکشمیر کا مایہ ٔ ناز دینی و تعلیمی ادار ہ حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم ،بڈگام آج بھی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کی شاہراہ پر رواں دواں ہے۔ حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی کی سربراہی میں انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیر ارتقا کے منازل طے کرتی رہی ہے ۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے یورپ ، افریقہ ،ایشیاء میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنسوں میں صدر محترم شریک ہوئے ۔اور عالمی سطح پر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر اور حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم بڈگام کو متعارف کرایا۔ ایسے علمی اداروں ،دینی مدرسوں سے وابستگی و عقیدت مندی اور تاریخی آگہی ہماری روحانی زندگی اور ترقی کی علامت اور ضمانت ہیں۔اسی غرض و غایت کے پیشِ نظر ہم نے برادر عزیز آقائی محترم ڈاکٹر مھدی خواجہ پیری بانی و ڈائریکٹرانٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر،ایران کلچر ہاؤس ،نئی دھلی کی خواہش و فرمائش پر ’’تاریخ مدرسۃ الواعظین لکھنو‘‘ تین جلدوں میں اور ’’تاریخ مدرسہ سلطان المدارس و جامعہ سلطانیہ لکھنو،، تین جلدوں میں اور ’’تاریخ مدرسہ باب العلم مبارک پور،، ایک جلد میں اور ’’تاریخ جامعہ جوادیہ بنارس ‘‘ایک جلد میں فی سبیل اللہ مرتب و مکمل کیا۔جو ،انٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر،ایران کلچر ہاؤس ،نئی دھلی کی جانب سے زیور طبع سے آراستہ و پیراستہ ہو کر منظر وجود و شہود پر پورے آب و تاب کے ساتھ اپنے جلوے بکھیر رہی ہیں۔ اور اب بفضلِ رب العالمین ،بطفیل ِ ائمۂ معصومین علیہم السلام معروف بین الاقوامی شہرت یافتہ ادارہ انٹر نیشنل نور مائکرو فلم سینٹر ، ایران کلچر ہاؤس ،نئی دھلی،ھند کے سربراہ و ڈائریکٹر برادر عزیز و محترم دوست آقائی حاج ڈاکٹر مھدی خواجہ پیری کی خواہش و فرمائش پر ’’ تاریخ جامعہ باب العلم ،بڈگام ‘‘ کی جمع و ترتیب کا کام جاری کیا ہے۔لہٰذا جن حضرات کے پاس جامعہ باب العلم ،بڈگام کشمیرسے متعلق کوئی بھی معلوماتی مواد ہو ں یا دستاویز موجود ہوں براہِ کرم ہم کو ارسال فرمادیں ،نیز جو حضرات اس حوزہ ٔ علمیہ میں درس و تدریس کے فرائض ایجام دے رہے ہیں یا کبھی انجام دے چکے ہیں ،اور جو حضر ات اس جامعہ کے فارغ التحصیل یا تعلیم یافتہ ہوں یا اس کے کسی شعبہ سے ( مثلاً مجلس منتظمہ یا یا دفتری امور، وغیرہ سے)کبھی ماضی میں یا حال میں منسلک وابستہ رہے ہوں وہ اپنے اپنے حالات قلمبند کر کے مع ایک عدد اپنی تصویر کے ہم کو ارسال فرمادیں تا کہ انھیں کتاب میں شامل کیا جا سکے۔ جملہ عقیدت مندان و وابستگان وارکان انجمن شرعی شیعیان دارا لمصطفیٰ جموں و کشمیر و حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم ،بڈگام سے علمی و قلمی تعاون کی خاص اپیل ہے۔فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

ملتمس :
حجۃ الاسلام الحاج مولانا شیخ ابن حسن املوی کربلائی [صدرالافاضل،واعظ]

حسن ؔاسلامک ریسرچ سینٹر۔حسن منزل۔محلہ محمود پورہ۔ پوسٹ املو ،مبارکپور۔ضلع اعظم گڑھ(یوپی)pin:276404
Mobile:0091-8765110786 E-Mail: ihamilovi@yahoo.com

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .